شہزاد اکبر نے شہباز شریف کو پھر برطانیہ میں دعویٰ کرنے کا چیلنج دیدیا


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کو ایک بار پھر برطانیہ میں دعویٰ کرنے کا چیلنج دے دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے کہا جھوٹی خبر کےخلاف لندن کی عدالت میں جا رہا ہوں اور 25 جولائی کو بتایا گیا شہباز شریف نےعدالت سے رجوع کرلیا ہے۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ن لیگی صدر نے دعویٰ کیا تھا کہ مقدمہ کریں گے تاہم انہوں نے صرف برطانوی اخبار کو نوٹس بھیج دیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف برطانوی اخبار کو بھیجا گیا خط عوام کو بتائیں اور اگر میں جھوٹا ہوں تو میرے خلاف ایک اور مقدمہ کرلیں۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف نے نوٹس میں کہا کہ خبر میں میرا مؤقف نہیں لیا گیا اور یہ قومی مفاد میں نہیں تھی۔

مزید پڑھیں: ضمانت منظور ہونے کے بعد عرفان صدیقی رہا

انہوں نے کہا کہ میں نے واضح کی کہ ایرا کے فنڈ سے کیسے لوٹ مار کی گئی، ان سے چوری نہیں ڈکیتی کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے خبر میں اپنے خلاف کسی بھی الزام کی تردید نہیں کی، اگر وہ سچے ہیں تو عدالت کے پاس جائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ شہباز شریف نے صرف اخبار کو شکایت کی ہے اور مقدمہ درج نہیں کروایا۔

انہوں نے سوال کیا کہ قائد حزب اختلاف ان کے خلاف مقدمہ کیوں درج نہیں کرارہے؟

شہزاد اکبر نے کہا کہ بدعنوانی کی بات کرو تو کہتے ہیں سی پیک خطرے میں آگیا ہے، منی لانڈرنگ کی بات کرو تو کہتے ہیں برطانیہ سے تعلقات خطرے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری کہانی کا مرکزی کردار آفتاب محمود لاہور جیل میں ہے اور بیان دے چکا ہے۔

انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ شہباز شریف برطانیہ کی عدالت میں نہیں جائیں گے تاہم وہ عدالت سے رجوع کرکے بدعنوانی کے حوالے سے تمام شواہد پیش کریں گے۔

معاون خصوصی برائے احتساب نے کہا کہ برطانوی صحافی ابھی بھی اپنی خبر پرقائم ہے۔

شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ کے نوٹس کا انتظار ہے، میں برطانیہ جانے کےلیےسامان باندھ چکا ہوں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف اس لیے برطانوی عدالت سے رجوع نہیں کریں گے کیوں کہ ایسا کرنے سے ان کی اپنی مشکلات میں اضافہ ہوجائے گا۔

مسلم لیگ نواز کے رہنما عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگانے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے سخت نوٹس لیا ہے ۔

معاون خصوصی برائے احتساب نے کہا کہ عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگانے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔


متعلقہ خبریں