افغانوں کے لیے پاکستانی ویزے کا اجراء محدود


کابل: پاکستانی سفارت خانے نے افغانوں کے لیے پاکستانی ویزے کا اجراء محدود کردیا۔

کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق پاکستان کے لئے اب صرف بزرگ، مریض، خواتین اور کاروباری حضرات کو ویزے جاری کیے جائیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسا تب تک ہوگا جب تک افغان حکام سفارتخانہ کے باہر موجود نوسر باز گروہ کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لاتا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ گروہ لوگوں سے پیسے لے کر سفارت خانے کے کونسلر سیکشن تک جانے کے لئے رسائی دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں جلال آباد کا قونصل خانہ آپریشنل کرنے پر اتفاق

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کچھ افراد نے پاکستانی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا تھا جبکہ افغان حکومت سیکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام رہی تھی۔

ذرائع کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے باہر موجود افغانوں نے اس وقت دھاوا بولا جب وہ ویزے کے اجراء کے لیے سفارتخانے کے باہر موجود تھے۔

گزشتہ سال افغان شہر جلال آباد میں پاکستان نے اپنا قونصل خانہ بند کر دیا تھا جس کی وجہ افغان صوبہ ننگر ہار کے گورنر کی بے جا مداخلت تھی۔

اس پر کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے افغان وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے جلال آباد قونصل خانہ میں سیکیورٹی بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں