عالمگیر خان: اسیری کے بعد رہائی اور ایک بار پھر گرفتاری


کراچی: پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کو سندھ پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر نے ان کی دوبارہ گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا نام ایف آئی آرمیں موجود ہے۔

پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی ریاض حیدر کا کہنا ہے کہ پولیس کوئی وجہ بتانے کو تیار نہیں ہے اور نہ ہی مقدمے کی کاپی فراہم کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل عالمیگر خان فکس اٹ کے رضا کاروں کے ساتھ پریس کانفرنس کرنے پہنچے تھے کہ پولیس انہیں گرفتار کرکے اپنے ساتھ آرام باغ تھانے لے گئی۔

شہر قائد کے علاقے  تین تلوار پر صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کے دفتر کے باہر فکس اٹ نے مظاہرہ کیا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے کارکنان بھی ریلی لے کر وہاں پہنچ گئے۔

مزید پڑھیں: وفاق میں اتحادی جماعتیں سوشل میڈیا پر دست وگریباں

دونوں جماعتوں کے کارکنان کے درمیان اس موقع پر تصادم بھی ہوا جس کے بعد متعدد کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ وہ پرامن احتجاج کے لیے آئے ہیں تاہم پیپلز پارٹی کے ڈنڈا بردار افراد روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے کارکنان نے گلشن اقبال میں عالمگیر خان کے گھر کے باہر احتجاج کیا تھا۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنان پر پولیس نے لاٹھی چارج کردیا جبکہ پی پی پی کارکنان نے فکس اٹ کی گاڑی الٹ دی ہے اور تحریک انصاف کے سامان کو آگ لگادی۔


متعلقہ خبریں