حج پر گئے 17 پاکستانیوں کا انتقال ہوگیا

فائل فوٹو


اسلام آباد: حج کے لیے سعودی عرب گئے 17 پاکستانی طبی وجوہات کی بنا پر انتقال کر گئے ہیں جن میں سے 16 کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

مکہ مکرمہ میں پاکستان کے حج مشن کے مطابق 4 افراد کا انتقال گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہوا جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ ان کی شناخت محمود احمد، محمد رمضان، جمیلہ بی بی، غلام یوسف اور حبیب اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

تادم تحریر انتقال کرنے والوں میں 13 سرکاری حج اسکیم اور چار نجی اسکیم کے ذریعے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: حجاج کرام سفر حج سے قبل یہ پانچ ایپلیکشنز انسٹال کر لیں

حج مشن حکام کے مطابق پاکستانی حجاج کے لئے 469 ڈاکٹرز، نرسیں اور پیرا میڈیکل کے اہلکار کام کر رہے ہیں۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ 29 ہزار پاکستانی حجاج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جن کی مدد کے لیے فری ہیلپ لائن ڈیسک بھی کام کر رہی ہے۔

سعودی عرب پہنچنے والوں میں سے 93 ہزار سرکاری جب کہ 36 ہزار عازمین نجی حج سکیم کے ذریعے گئے ہیں۔

سرکاری حج اسکیم کے تحت آنے والے 81 ہزار عازمین حج اس وقت مکہ مکرمہ میں موجود ہیں جن میں 47 ہزار عازمین مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کر کے مکہ پہنچے ہیں جب کہ 12 ہزار عازمین حج ابھی مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔

وزارت مذہبی امور سے 187 افسران اور عملہ سعودی عرب میں فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ مذہبی امور کی مانیٹرنگ ٹیموں نے 336 نجی حج کمپنیوں کی مانیٹرنگ مکمل کر لی ہے۔ 545 پاکستانی معاونین جب کہ 9 سو لوکل خدام بھی تعینات کیے جا چکے ہیں۔

رواں برس پاکستان سے 2 لاکھ افراد حج کے لیے جائیں گے اور پی آئی اے کی آخری فلائٹ 6 اگست کو روانہ ہوگی۔ قومی ایئر لائن پی آئی اے اور سعودی کمپنی ایئر بلو حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں