امن دشمن طاقتوں کو جلد بے نقاب کریں گے، شاہ محمود قریشی



ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان میں امن دشمن طاقتوں کو جلد بے نقاب کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن طالبان سے مذاکرات پر افغان صدر اشرف غنی کے تحفظات تھے جنہیں پاکستان نے دور کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حالات کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیا جا رہا تھا جبکہ وزیر اعظم کا مؤقف تھا کہ مسئلہ افہام و تفہیم سے حل ہو گا اور آج امریکہ، روس، چین اور یورپی ممالک نے بھی پاکستان کے مؤقف کے تائید کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے کامیاب دورے پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں اور اب وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے اثرات سامنے آ رہے ہیں ہم امریکہ کچھ مانگنے نہیں گئے تھے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ملتان میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر کے خوشی ہوئی ہے۔ غلہ گودام کی جگہ پر سرکاری اسپتال بنا رہے ہیں جس کی تعمیر پر 70 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ حلقہ میں تین بڑے منصوبے بنائے جا رہے ہیں جو ایک ارب 41 کروڑ روپے سے شروع ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 156 کی عوام نے مجھ پر اعتماد کیا اور آج اپنے حلقے کی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ عید الضحیٰ کے بعد دوبارہ نئے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں افغانوں کے لیے پاکستانی ویزے کا اجراء محدود

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے وزیر خارجہ بنایا اور آج خارجہ امور سب کے سامنے ہیں۔ موجودہ حالات میں ہمیں قوم کا تعاون درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک افواج دنیا کی بہترین فوج ہے اور فوجی جوانوں نے ہمارے تحفظ کے لیے جانیں دی ہیں۔


متعلقہ خبریں