فضل الرحمان کا اکتوبر میں اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان

مولانا فضل الرحمان

کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف)  کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے استعفیٰ نہ دیا تو اکتوبر میں وہ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔

کوئٹہ میں منعقدہ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، غربت اور بےروزگاری میں اضافے کی وجہ سے عوام میں احساس محرومی بڑھتا جا رہا ہے۔

جے یو آئی کے امیر نے کہا کہ ہم ملک کی تعمیر وترقی چاہتے ہیں لیکن سلیکٹڈ وزیراعظم اور جعلی حکومت کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری کا عمل رک چکا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ پی ٹی آئی حکومت کو اگست تک کی مہلت دیتے ہیں، اکتوبر میں نہ صرف ملک گیر سطح پر تحریک چلائیں گے بلکہ اسلام آباد کی جانب مارچ بھی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی 2018 کو عوام کی رائے کا احترام نہیں کیا کیا اور ان کا مینڈیٹ چوری کرلیا گیا۔

جمعیت کے قائد نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر انتخابات کرانے کا اعلان کرے تاکہ ملک جمہوری اور عوامی نمائندگی کے ذریعے ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

جمعیت علماء اسلام کے امیر نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت روز بروز کمزور سے کمزورتر  ہوتی جا رہی ہے، حکمرانوں نے چین کی جانب سے سرمایہ کاری کے کئی مواقع ضائع کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان کی حزب اختلاف کو ایک بار پھر مشترکہ استعفوں کی تجویز


متعلقہ خبریں