آصف زرداری اور فریال تالپور کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور



اسلام آباد: احتساب عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری اور ان ی ہمشیرہ فریال تالپور کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق صدرکو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جج محمد بشیر کے رو برو پیش کیا گیا جہاں قومی احتساب بیورو(نیب) کی جانب سے ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا کی  گئی۔

کیس کی سماعت شروع ہوئی تو سابق صدر روسٹرم پر آ گئے جس پر جج محمد بشیر نے کہا کہ آپ بیٹھنا چاہتے ہیں تو بیٹھ جائیں۔اس موقع پر ان کے وکیل سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا کہ یہ کیس کو دیکھنا چاہتے ہیں۔

آصف علی زرداری نے عدالت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  عید کی چھٹیاں آ رہی ہیں اگلی سماعت عید کے بعد رکھ لیں جس پر عدالت نے کہا
عید کے بعد رکھ نہیں سکتے، ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ ریمانڈ 15 دن کا ہو سکتا ہے۔

عدالت نے آصف علی زرداری کو 8 اگست کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

بعد ازاں عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ کہتے ہیں ہزاروں کروڑوں کھا گئے، حفیظ شیخ کو بھی پکڑے وہ بھی  ہمارے ساتھ تھا۔

انہوں نے کہا کہ حفیظ شیخ کو ڈالیں جیل میں اور پوچھیں کہاں ہیں ہزاروں کروڑوں روپے؟

ملین مارچ سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ  مارچ میں عدالت سے شریک ہوں گے،فکر نہ کریں۔

احتساب عدالت اس سے قبل تین مرتبہ سابق صدر کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر چکی ہے، وہ پارک لین اور میگا منی لانڈرنگ والے کیس میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔

 


متعلقہ خبریں