صدر عارف علوی نے عمران خان کو ضدی وزیراعظم قرار دے دیا

عمران ضدی وزیراعظم ہیں،ملک کو ریاست مدینہ جیسا بنائیں گے:صدر

اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان ایک ضدی وزیراعظم ہیں وہ پاکستان کو ریاست مدینہ جیسا بنائیں گے اور پاکستان کو اقلیتوں کے لیے ایک مثال بنا کر دنیا کو دکھائیں گے۔

ایوان صدر میں اقلیتوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جانب سے ریاست مدینہ کا طعنہ دیا جاتا ہے، کہا گیا کہ صدرمملکت دانت صاف کرنے کا کہہ رہے ہیں تو نبی کریم ﷺبھی دانت صاف کرنے کا کہا کرتے تھے۔

اٹھارہویں ترمیم کو ختم نہیں کررہے،عارف علوی

انہوں نے کہا کہ حضوراکرمﷺ نے اقلیتوں کے تحفظ کا معاہدہ کیا، آپﷺ نے ساری زندگی عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا۔ سیرت طیبہﷺ کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپﷺ نے 40 مسیحی وفود کے لیے اپنی چادر مبارک بچھائی۔

صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نےعمران خان کو موقع دیا ہے کہ وہ پاکستان کو ریاست مدینہ جیسا بنا سکیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے واضح کیا کہ ریاست مدینہ کے نظریات کو ملک بھر میں نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اصلاح کے لیے احساس پروگرام لائی ہے۔

صدرمملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے پارٹی بناتے وقت تین سیشنز کیے تھے اوراس میں فیصلہ کیا تھا کہ پاکسان کو جدید اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔

پی ٹی آئی کا نہیں، پوری قوم کا صدر ہوں ، عارف علوی

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے گیارہ اگست کو اقلیتوں کے حقوق سے متعلق تقریر کی تھی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے تقریب کے شرکا پر واضح کیا کہ نئے پاکستان کے قیام کے لیے ریاست مدینہ اوراسلام کو بنیاد بنایاگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کے قیام میں قائد اعظم اورعلامہ اقبال کے افکار کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کر کے بھی دنیا کو دکھایا ہے۔

اقلیتوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اخلاقی اعتبار سے ترقی کرچکا ہے اور اب معاشی طور پر بھی ترقی کرے گا۔


متعلقہ خبریں