پاکستان کے یادگار ٹیسٹ میچ کی ووٹنگ کا نتیجہ آ گیا


اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے سوشل میڈیا پر  یاد گار ٹیسٹ کے لئے دیئے گئے پول کا نتیجہ جاری کر دیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق شائقینِ کرکٹ نے چنئی ٹیسٹ 1999 کو قومی تاریخ کا یادگار ٹیسٹ قرار دے دیا ۔

65 فیصد شائقینِ کرکٹ نے چنئی ٹیسٹ کے حق میں ووٹ دئیے جبکہ بنگلور ٹیسٹ 1987 کو 15 فیصد ووٹ ملے۔

اس کے علاوہ اوول ٹیسٹ 1954 کو 11 اور کراچی ٹیسٹ 1994 کو 10 فیصد ووٹ ملے۔


تین روزہ پولنگ میں 15 ہزار 847 شائقینِ کرکٹ نے ووٹ دیئے، ٹوئٹر پر پولنگ پوسٹ 1 لاکھ 9 ہزار شائقین تک پہنچی جبکہ فیس بک پوسٹ کی ریچ 10 لاکھ 20 ہزار رہی۔

اس موقع پر ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ دو دہائیوں بعد بھی شائقینِ کرکٹ کا جشن 1999 کے اسٹار کھلاڑیوں کی چنئی ٹیسٹ میں شاندار فتح کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیسٹ کا قابل فخر ملک ہے، ہم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ چنئی ٹیسٹ کھیل کے دوران پریشر کو جاننے اور اس میں پرفارم کرنے کی بہترین مثال ہے، میرا ووٹ بھی چنئی ٹیسٹ کیلئے تھا۔

چنئی ٹیسٹ میں یاد گار اننگز کھیلنے والے شاہد آفریدی نے کہا کہ فخر ہے کہ ایسی ٹیم کا حصہ رہا جو اپنی قابلیت کی بنیاد کسی بھی لمحے میچ جیتنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میچ میں اپنی کارکردگی سے خوشی ہوئی، چنئی ٹیسٹ نے دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کو پہچان دی تھی۔


متعلقہ خبریں