بڑے چوروں کو جیل میں ٹی وی،فریج اور اے سی دے رکھا ہے، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک پر 24 ہزار ارب روپے قرضے کا بوجھ ڈالنے والے جواب نہیں دے رہے، زیادہ بڑے چوروں کو جیل میں ٹی وی، فریج اور اے سی دے رکھا ہے۔

ایوان صدر میں اقلیتوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 9 ماہ کے دوران انہوں نے عدالتوں میں 60 دستاویزات پیش کیں، جماعت کے سربراہ کے طور پر وہ خود کو جواب دہ سمجھتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی نہ ہو تو امیر اورغریب کے لیے الگ قانون ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نظریے کے بغیر ملک ختم ہو جاتا ہے، ہم قانون کی بالادستی اور حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہمارا مقصد نچلے طبقے کو اوپراٹھانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی سے ملک کے زیادہ تر مسائل ختم ہو جائیں گے، اندرون سندھ، قبائلی علاقے اور بلوچستان کے لوگ پیچھے رہ گئے ہیں، مدینہ کی ریاست ایک دن میں نہیں بدلی اس میں بھی وقت لگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کے معاملے میں پاکستان برصغیر میں سب سے پیچھے رہ گیا ہے، ملک میں 50 فیصد لوگ ان پڑھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں کئی لوگوں نے اسلام کے نام پر دکانیں کھول رکھی ہیں، دیکھنا چاہیے کہ ریاست مدینہ میں حضرت محمدﷺ کا اقلیتوں سے کیا رویہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام سے متعلق زبردستی کرنے والے اسلامی تعلیمات سے آگاہ نہیں ہیں، قرآن کریم کا حکم ہے کہ دین میں کوئی زبردستی نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ زبردستی شادی کرانا اور تشدد کرنا غیراسلامی ہے۔


متعلقہ خبریں