پی پی پی نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کا مطالبہ کردیا


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی پرامن اجلاس چلانے کے خواہش مند ہیں لیکن یہ اسی وقت ممکن ہے کہ جب ہاؤس مکمل ہو جب کہ اس وقت ہاؤس ادھورا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پی پی پی کے رہنماؤں کی بات چیت کے بعد وہ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کررہی تھیں۔

پی پی پی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ آج کے ماحول میں سب پر دباؤ ہے اور ساتھ ہی تسلیم کیا کہ اسپیکر پردباؤ سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے۔

منی لانڈرنگ کا ملزم عدالت میں آصف زرداری کے قدموں میں بیٹھ گیا

ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر کا کہنا ہے کہ ان کی کچھ مجبوریاں ہیں لیکن ہمارا کہنا ہے کہ اسپیکر کا کردار تمام مجبوریوں پر حاوی ہونا چاہیے۔

شازیہ مری نے کہا کہ ہم کوئی جادوئی چیز نہیں مانگ رہے ہیں جو ان کے بس میں نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم ہر فورم پر اپنا حق مانگتے رہیں گے۔

ایک سوال پر رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ ہماری درخواست پرغور کیا جا رہا ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ پروڈکشن آرڈر کے اجرا کے لیے قانونی مشاورت کی ضرورت نہیں ہے۔

پیپلزپارٹی نے فضل الرحمان کے ملین مارچ میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا

سندھ سے تعلق رکھنے والی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے آئین و قانون سمیت اسپیکر کے اختیارات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قواعد وضوابط کے تحت اسپیکر کو پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا اختیار ہے۔

ایک سوال پر سابق صوبائی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ اسپیکر اسد قیصر سے ہونے والی پی پی پی کے رہنماؤں کی ملاقات میں واضح طور پر مطالبہ کیا گیا ہے کہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔


متعلقہ خبریں