بلوچستان حکومت کا غیر رجسٹرڈ این جی اوز پر پابندی لگانے کا فیصلہ


بلوچستان حکومت نے غیر رجسٹرڈ این جی اوز(غیر سرکاری تنظیموں)پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ یہ فیصلہ آج وزیراعل  بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اعلی  سطح کے  اجلا س میں کیا گیا۔ 

حکومت بلوچستان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) کی سفارشات پر عملدارآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ، ایڈیشنل آئی جی پولیس بلوچستان اور متعلقہ اداروں کی جانب سے سفارشات پر عملدرامد کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں ایف اے ٹی ایف کی 11 سفارشات پر عملدرآمد جاری ہے۔

اجلاس کو کالعدم تنظیموں کے اثاثہ جات کی ضبطگی اور منجمند کی گئی جائیداد اور بنک اکاؤنٹس کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی ۔شرکاء کو بتایا گیا کہ ضبط اور منجمند کئے  گئے اثاثہ جات اور اکاؤنٹس کی مزید تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی قائم کردی گئی ہے ۔

اجلاس میں این جی اوز اور این پی اوز کی رجسٹریشن اور مانیٹرنگ کے طریقہ کا ر کا جائزہ بھی لیا گیااور اس ضمن اہم فیصلے بھی کیے گئے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ تمام ڈپٹی کمشنر اپنے اضلاع میں کام کرنے والی این جی اوز کا ڈیٹا تیار کرینگے۔این جی اوز کی رجسٹریشن کے لئے بلوچستان چیریٹیز (رجسٹریشن اینڈفیسیلیٹیشن بل 2019)منظوری کے لئے صوبائی کابینہ میں پیش کیا جائے گا ۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیاکہ صوبے میں محکمہ سماجی بہبود اور محکمہ صنعت میں رجسٹرڈ این جی اوز کی تعداد 4892 ہے جن میں سے 1418 این جی اوز فعال ہیں۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ڈونرز کو صرف رجسٹرڈ ،فعال اور باقاعدگی کے ساتھ آڈٹ کروانے والی این ج اوز کو فنڈنگ کرنے کا پابند کیا جائے۔

منی لانڈرنگ کے ذریعے دہشت گردوں کو فنڈنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا جارہا ہے۔سی ٹی ڈی کے ذریعہ منی لانڈرنگ کے 55کیسز رجسٹر کیے گئے اور29 گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ا یف اےٹی ایف کی سفارشات پر عملدرآمد امن کے قیام کے لئے ہمارے اپنے مفاد میں بھی ہے۔۔متعلقہ محکمے اور ادارے پیش رفت کریں وزیراعلئ کا دفتر سر پرستی کرےگا، اس حوالے سےڈپٹی کمشنروں کو زیادہ فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیے: ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے خصوصی یونٹ قائم


متعلقہ خبریں