حکومتی غلامی کرنے والوں کی لسٹیں تیار کرچکے، رانا مشہود

حکومتی غلامی کرنے والوں کی لسٹیں تیار کرچکے، رانا مشہود

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود نے خبردار کیا ہے کہ حکومتی غلامی میں آئین سے انحراف کرنے والے یاد رکھیں کہ ان کی لسٹیں تیار ہو چکی ہیں۔ انہوں نے براہ راست ڈپٹی کمشنر لاہور اور شہر کی انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جتنے مظالم کرنا ہیں کر لو لیکن یاد رکھنا کہ موجودہ حکمرانوں کا جانا ٹھہر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے غلاموں کو احتساب کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی کے باہر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ نالائق حکومت کی پالیسیوں کے باعث عوام دو وقت کی روٹی سے محروم ہوگئی ہے اور گھروں کے چولھے بند ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

مسلم لیگ ن دو ماہ میں دوبارہ حکومت بنائے گی، رانا مشہود

سابق صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ گیس کی بڑھتی قیمتوں سے کسان، کاشتکار، مزدور اور افسران سمیت سب پریشان ہیں اور صنعتی شعبہ تو بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت اپنے اہداف پورے کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔

حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے پی ایم ایل (ن) کے رہنما نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر بلایا گیا اجلاس بنا بات کیے ختم کردیا گیا۔

رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ جو اعداد و شمار پیش کیے گئے وہ جھوٹ تھے تو اسحاق ڈار نے بھی یہی کہا تھا۔

پنجاب کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں احتجاج کی کال دی تو گرفتاریاں کی گئیں اور کریک ڈاؤن ہوا۔ پنجاب کے سابق صوبائی وزیر نے دعویٰ کیا کہ 260 پارٹی کارکنان کی گرفتاریوں کے آرڈرز نکالے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے جانے کا وقت آچکا ہے۔

’عمران خان امریکہ ڈیکٹیشن لینے گئے ہیں‘

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف جب یوم سیاہ کےموقع پر فیصل چوک پہنچے تو بہت بڑا اجتماع دیکھنے کو ملا۔

پی ایم ایل (ن) کے رہنما نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بل پر عمل نہیں کرنا تو صاف کہہ دیں کہ ہمارے اختیار میں کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر نا اہل سول ڈکٹیٹرمسلط کردیا گیا ہے۔

رانا مشہود نے کہا کہ ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلوے کو ’قتل گاہ‘ بنا دیا ہے جس کی وجہ سے ٹرین میں سفر کرنا اپنی موت کو دعوت دینے کے مترادف بن چکا ہے۔


متعلقہ خبریں