اسٹاک ایکسچینج میں مندی برقرار، انڈیکس 369 پوائنٹ گر گیا

اسٹاک ایکسچینج میں مندی برقرار، انڈیکس 369 پوائنٹ گر گیا

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی رہی اور انڈیکس تین سو سے زائد پوائنٹ نیچے آیا۔

سوموار کے روز جب مارکیٹ کھلی تو انڈیکس 32 ہزار 103 پر تھا اور ابتدائی چند گھنٹوں تک کاروباری سرگرمیوں میں تیزی بھی دیکھی گئی۔

ابتدائی 90 منٹ تک سرمایہ کار کافی متحرک رہے اور انڈیکس 32,122 پر چلا گیا تھا جو آج کی بلند ترین سطح رہی۔

بعد ازاں انڈیکس مسلسل گراوٹ کا شکار رہا اور دن کے اختتام پر انڈیکس 369 پوائنٹ کی کمی سے 31 ہزار 734 پر تھا۔

اسکرین شاٹ

انرجی سیکٹر میں آج کے ایم ایل کے شیئرز کی قیمت میں ایک روپے اضافہ ہوا جب کہ کیپکو کا شیئر بھی 36 پیسے مہنگا ہوا۔

پیل اور اوجی ڈی سی کو آج خسارے کا سامنا رہا اور ان کے شیئرز کی قیمت بالترتیب 4 اور 0.51 روپے نیچے آئی۔

آٹوموبائل انڈسٹری میں آج انڈس موٹرز، اٹلس بیٹری اور تھل لمیٹڈ کو منافع ہوا جب کہ ملت ٹریکٹرز، پاک سوزوکی اور ہنڈا اٹلس کو خساے کا سامنا رہا۔

سیمنٹ انڈسٹری میں صرف ٹھٹہ کمپنی لیمیٹڈ کو منافع ہوا جب کہ بینکنگ سیکٹر میں بینک اسلامی، فیصل بینک، حبیب بینک، نیشنل، سونری اور سلک بینک کو منافع ہوا۔

آج مجموعی طور پر37,374,980 شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 1,418,145,139 پاکستانی روپے رہی۔

گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید کساد بازاری دیکھی گئی اور 100 انڈیکس 343 پوائنٹ نیچے آیا تھا۔ جمعے کے روز جب مارکیٹ کھلی تو انڈیکس 32 ہزار 446 پوائنٹس پر تھا۔


متعلقہ خبریں