نیاپاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں پنجاب لیڈ لے گا، سردار عثمان بزدار


لاہور: وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہاہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں پنجاب لیڈ لے گا۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے منصوبے پر پیش رفت اور دیگر متعلقہ امور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے مربوط انداز میں مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی اور ہاؤسنگ ٹاسک فورس پنجاب مل کر منصوبے پر کام کو آگے بڑھائیں گے۔نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کیلئے قابل عمل بزنس ماڈل تیار کیا جائے گا۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ کم آمدن والے افراد کیلئے کم لاگت کے گھر وں کی تعمیر کا منصوبہ تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔پنجاب کے بعض اضلاع میں گھروں کی تعمیر کیلئے سائٹس کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم سے کم آمدن والے افراد کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا ہوگا۔اس انقلابی منصوبے سے متعلقہ امور تیزی سے طے کئے جائیں گے۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم سے روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پر تیزی سے عملدرآمد کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔پنجاب کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں لیڈ لے گا۔
اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی میجر جنرل عامر اسلم خان،مشیروزیراعلیٰ ڈاکٹر سلمان شاہ،چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری خزانہ پنجاب شریک ہوئے

سیکرٹری ہاؤسنگ، چیئرمین ہاؤسنگ ٹاسک فورس پنجاب میاں یعقوب طاہر اظہار، اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے: غربت سے خوشحالی کا سفر تیزی سے طے کریں گے، عثمان بزدار


متعلقہ خبریں