چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد بے معنی ہے، جہانگیر ترین



ملتان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد بے معنی ہے جبکہ صادق سنجرانی کی کارکردگی کی تمام جماعتیں ہی تعریف کرتی ہیں۔

جہانگیر ترین نے ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین سینٹ کو بچانے کے لیے متحرک ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز روایت کے تحت مولانا فضل الرحمان کے پاس گئے تاہم شبلی فراز اور وزیر اعلیٰ کو مولانا کے پاس نہیں جانا چاہیئے تھا۔

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی اس کا فیصلہ نہیں ہوا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کہاں بنے گا تاہم سیکرٹریٹ نہ بننے کی وجہ مجھے قرار دینا ٹھیک نہیں ہے۔

انہوں ے کہا کہ میں نے کبھی بھی لودھراں میں سیکرٹریٹ بنانے کی بات نہیں کی البتہ سیکرٹریٹ ملتان یا بہاولپور میں بنے گا۔

زراعت سے متعلق جہانگیر ترین نے کہا کہ ایگری کلچر ایمرجنسی پروگرام جلد منظور ہوجائے گا جبکہ پنجاب میں کپاس کی بہتری کے لیے سنجیدگی سے کام ہو رہا ہے اور رواں سال کپاس کے کاشت کاروں کو اچھا منافع ملنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانا وفاق پر حملہ ہے، فردوس عاشق

انہوں نے کہا کہ کپاس کے کاشت کاروں کے مسائل جلد حل کریں گے اور کپاس کی ٹارگٹ قیمت 10 دن میں مقرر کر دی جائے گی تاہم اس وقت کپاس کی قیمت 4 ہزار روپے من ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کپاس کی قیمت کا معاملہ لے کر جائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کپاس کی صنعت کو بحال کرنا وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے، کپاس کی نئی اقسام متعارف کرا رہے ہیں جس سے پیداوار میں اضافہ ہو گا۔


متعلقہ خبریں