اجازت کے بغیر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی ہوگی


کراچی: سندھ حکومت نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کی اجازت کے بغیر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ کھالیں جمع کرنے کے لئے کیمپ لگانے پر بھی پابندی ہوگی ۔

حکومت سندھ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے کہ کھالیں جمع کرنے کے لئے گاڑیوں پر لائوڈ اسپیکر اور جھنڈے لگانے پر بھی پابندی ہوگی۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق عید کے تین دن  زبردستی قربانی کی کھالیں جمع کرنے اوراسلحہ لے کر چلنے کے اجازت نامے بھی تین رو ز کے لئے معطل تصور ہونگے۔

محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ صرف رجسٹرڈ جماعتوں، تنظیموں ،فلاحی اداروں اور دینی مدارس کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ یہ جماعتیں ، تنظیمیں ،فلاحی ادارے اور دینی مدارس ضابطہ اخلاق پر دستخط کر کے اس پر سختی سے عملدرآمد کریں گے۔

سندھ حکومت کے مطابق  پابندیوں کا مقصد ہے کہ اپنی مرضی سے کھالیں دینا قربانی کرنے والوں کا بنیادی حق ہے، قربانی کرنے والوں کو ان کا حق استعمال کرنے کی مکمل آزادی ہونی چاہئے۔

سندھ کے محکمہ داخلہ کی طرف سے کہا گیاہے کہ عوام اپنے محلے کی مساجد مدارس اور فلاحی اداروں کو اپنی مرضی سے کھالیں جمع کراسکتے ہیں۔ کھالیں منتقل کرنے کی پیشگی تحریری اطلاع متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایچ او کو فراہم کرنا ہوگی۔

پیشگی اطلاع کا مقصد کھالیں لے کر جانے والی گاڑیوں کو سیکیورٹی فراہم کرنا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے جگہ جگہ اسنیپ چیکنگ کریں گے، شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لا تے ہوئے کھالیں ضبط کر لی جائیں گی۔

سندھ حکومت کی طرف سے کہا گیاہے کہ درخواست گزاروں کو متعلقہ سیکورٹی اداروں سے سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے: عید قرباں: لاہور کی مویشی منڈیوں کی رونق بڑھنے لگی

کراچی:قربانی کے جانوروں کی چوری روکنے کیلئے جوانوں کی ٹولیاں


متعلقہ خبریں