تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور فلاحی اداروں کیلئے بھی بجلی مہنگی

Electricity

لاہور:حکومت نے تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور فلاحی اداروں کے لئے بھی بجلی  مہنگی کر دی گئی ہے ۔  مذہبی سمیت  تمام سرکاری اداروں اور پانی کے ٹیوب ویلز کے لئے بھی بجلی کی فی یونٹ  قیمت بڑھا دی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے مذکورہ اداروں اور محکموں کے لئےاے تھری کے نام سے نیا ٹیرف متعارف کروا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل تمام تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کے لیے  گھریلو ٹیرف پر بلنگ کی جا رہی تھی ۔

اداروں اور محکموں کے لئے ٹیکس کے علاوہ بجلی کی فی یونٹ  قیمت 19 اعشاریہ چالیس روپے مقرر  کی گئی ہے۔اس سے قبل مذکورہ اداروں کو رعایتی نرخوں پر 14 اعشاریہ اڑتیس روپے فی یونٹ پر بجلی مہیا کی جارہی تھی ۔

رواں سال سے اضافی ٹیرف کیساتھ بجلی کی قیمت وصول کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ لیسکوہیڈ کوارٹرز  کی طرف سے  تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور ڈسپنسریز کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کی دس تاریخ کو بھی  بجلی کی قیمتوں میں 10 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا۔ نیپرا کے نوٹیفیکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مئی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔

نیپرا نے ہدایت دی ہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیاں جولائی کے بجلی بلوں میں اضافہ صارفین سے وصول کریں۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے متعلق وزارت توانائی کی وضاحت

نوٹیفیکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ لائف لائن صارفین کے لیے نہیں ہو گا اور اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہو گا۔

گزشتہ ماہ حکومت نے بجلی کے نرخوں ميں ايک روپيہ انچاس پيسے اضافہ کیا تھا۔

بجلی کے نرخوں ميں اضافہ رواں مالی سال کی  پہلی اور دوسری سہ ماہی کےلئے کيا گيا ہے۔ صارفين سے اضافے کی مد ميں ايک سو نواسی ارب روپے وصول کئے جائيں گے۔


متعلقہ خبریں