نیب کاشہباز شریف خاندان کو اربوں روپے منتقل ہونے کے شواہد حاصل کرنیکا دعویٰ

رمضان شوگر مل کیس کی سماعت آج ہو گی

فائل: فوٹو


لاہور:قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور نے قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادوں  اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز، سلمان شہباز، اور اہلیہ نصرت شہباز کو اربوں روپے منتقل ہونے کے شواہد حاصل کر لیے ہیں۔ 

ہم نیوز کے پاس دستیاب نیب دستاویزات کے مطابق حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کو بے نامی کمپنیوں  گڈ نیچر اور میسرز یونی ٹاس کی طرف سے 5 ارب روپے منتقل کیے گئے۔

سلمان شہباز کی کمپنی کے ملازم ملک مقصود کے اکاؤنٹ سے شریف فیملی کو 3 ارب 30 کروڑ روپے منتقل ہوئے۔ نیب نے شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز کیخلاف 3 ارب 30 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کے شواہد حاصل  کرلئے ہیں۔

نیب ذرائع کے کہنا ہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب کے صاحبزادے سلمان شہباز کو بیرون ملک سے 58 کروڑ 27 لاکھ 45 ہزار 451 روپے منتقل ہوئے۔ سلمان شہباز نے کالے دھن کو سفید کرنے کےلیے مشتاق چینی اور یاسر چینی کو فرنٹ مین بنایا۔

ذرائع کا کہناہے کہ شریف فیملی کو رقوم آر ایم بی، امرین ڈالرز اور یو ای اے دینار کی صورت میں منتقل کی گئیں۔نیب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اربوں روپے کی رقوم کےلیے غیر ملکی منی ایکسچینج اور بنکس کا استعمال کیا گیا۔ شریف فیملی کیجانب سے غیر ملکی کرنسی حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون منتقل کرنے کے شواہد بھی ملے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال اپریل میں بھی  قومی احتساب بیورو(نیب) نے شہبازشریف، حمزہ شہبازاور سلمان شہباز کے خلاف جاری آمدن سے زائد اثاثے اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں اہم شواہد حاصل کرنے کا دعوی کیا تھا۔

نیب لا ہور کے مطابق شریف خاندان کیلئے مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں پانچویں ملزم آفتاب محمود کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور یہ گرفتاری زیرحراست شاہد رفیق سے تحقیقات کے دوران انکشافات کے نیتجے میں کی گئی ۔

نیب لاہور نے  شاہد شفیق کو دو روز قبل گرفتار کیا تھا جس سے جاری تحقیقات میں اہم پیش رفت اور شواہد حاصل ہوئے۔

نیب کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان آپس میں کزن ہیں اور انہوں نے باہمی رضامندی سے کروڑوں روپے غیرقانونی طور پر شریف خاندان کے اکائونٹس میں منتقل کرتے کئے۔

نیب کے مطابق آفتاب محمود “عثمان انٹرنیشنل”نامی فارن کرنسی ایکسچینج بیک وقت لندن اور برمنگھم سے آپریٹ کرتا رہا تاہم غیرقانونی طور پر حمزہ شہباز، سلمان شہباز و دیگر کے اکائونٹس میں بوگس ٹی ٹی لگاتا رہا۔

یہ بھی پڑھیے: منی لانڈرنگ کیس، نیب کا شہبازشریف خاندان کے خلاف اہم شواہدحاصل کرنے کا دعویٰ


متعلقہ خبریں