تمام پاکستانی گورنر ہاؤس مری میں بکنگ کروا کر قیام پذیر ہوسکتے ہیں، پنجاب حکومت


ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ تمام پاکستانی گورنر ہاؤس مری میں بکنگ کروا کر قیام کرسکتے ہیں۔انہوں نے گزشتہ حکومتوں میں شامل حکام کی گورنمنٹ ہاوس مری میں شاہانہ طرززندگی  کے حوالے سے  ویڈیو بھی جاری کردی ہے۔ 

ڈاکٹر شہباز گل کی جانب سے جاری کی گئی وڈیو میں وہ کہتے سنائی دیتے ہیں کہ خود کو مغلیہ بادشاہ سمجھنے والوں نے اپنی عیاشی کیلئے عوامی دولت کو بے دردی سے لوٹا۔انہوں نے وڈیو پیغام میں سابقہ حکومتوں پر الزام عائد کیا ہےکہ گورنمنٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش کیلئے سابقہ حکمرانوں نے60کروڑ سے زائد ضائع کیے۔ 

انہوں نے کہا کہ ملک کو 30ہزار ارب کے قرضوں تک پہنچانے والوں کی عیاش طرز زندگی دیکھ کر حیرت ہوتی ہے۔ قومی دولت سے ذاتی آسائش خریدنے کی کرپشن کرپٹ لیگ کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ شہنشاہ معظم اور ولی عہد صاحبان نے عوام کی دولت کو باپ کا مال سمجھ کر لٹایا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام سے کیا وعدہ پورا کیااور گورنمنٹ ہاؤس مری کو عوام کیلئے کھول دیا ہے۔ اب یہ عوام کیلئے نو گو ایریا نہیں رہے گا،  تمام پاکستانی یہاں بکنگ کروا کر قیام کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گورنر ہاؤس مری کو اس سے قبل گزشتہ برس ستمبر میں میں عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کردیا گیاتھا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گورنر ہاؤس مری کو عوام کے لیے کھولنے کے فیصلے کا اعلان وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کیا۔

گورنر پنجاب کے مطابق عوام صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک گورنر ہاؤس مری کا دورہ کرسکیں گے۔

یاد رہے کہ عمران خان نے اپنی انتخابی مہم کے دوران تحریک انصاف کی حکومت کے قیام کی صورت میں تمام گورنر ہاؤسز کی دیواریں گرانے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل سندھ کے گورنر ہاؤس کے پارک کو عوام کے لیے کھولا گیا تھا جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے پہنچ کر تصاویر بھی بنوائیں۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو عوام کےلیے کھول دیا


متعلقہ خبریں