بلوچستان: محکمہ تعلیم میں پچیس اضلاع کے 283 اہلکار معطل

بلوچستان : غیر حاضری کی بنیاد پر 2000سے زائد اساتذہ معطل

کوئٹہ:محکمہ ثانوی تعلیم بلوچستان نے غیر حاضری اور فرائض میں غفلت برتنے پر پچیس اضلاع کے 283 اہلکاروں کو معطل کردیا ہے۔ معطل اہلکاروں میں گریڈ سترہ کے 29 گزیٹڈ آفیسرز بھی شامل ہیں۔ 

سیکرٹری تعلیم بلوچستان محمد طیب لہڑی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ مجموعی طور پر پچیس اضلاع میں 142 جے وی ٹی، 54 جے ای ٹی،  29 ایس ایس ٹی،  7 ڈرائنگ ماسٹرز،  6 معلم القرآن  اٹھارہ عارضی ٹیچرز اور 29 نان ٹیچنگ سمیت 283 اہلکار شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معطل اہلکاروں نے تسلی بخش وضاحت نہ دی تو ای این ڈی رولز کے تحت ملازمت سے برطرفی عمل میں لائی جائے گی۔تعلیمی ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں طور پر غیر حاضر اور فرائض میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے ۔

سیکرٹری ثانوی تعلیم بلوچستان محمد طیب لہڑی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ویژن کے مطابق روشن ترقی یافتہ اور پڑھے لکھے بلوچستان کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات پر عمل پیرا ہیں۔

طیب لہڑی نے کہا کہ  تعلیمی اصلاحات کے نمایاں نتائج سامنے آ رہے ہیں اصلاحاتی اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا ۔  نتیجہ خیز تعلیمی پالیسی تشکیل دے دی نصاب میں جدت لاکر دور جدید کے تقاضوں کے مطابق سرکاری سطح پر معیاری تعلیم کا فروغ اولین ترجیح ہے۔

یاد رہے کہ محکمہ ثانوی تعلیم بلوچستان نےرواں سال 11مئی کو بتایا تھا کہ کوئٹہ سمیت  دیگر اضلاع میں اب تک 2000سے زیادہ اساتذہ کو غیر حاضری کی بنیاد پر معطل  کردیاگیاہے۔

11مئی کو ڈیرہ بگٹی میں تعینات  81 غیر حاضر اساتذہ اورماتحت عملے کو معطل کیا گیا ہے۔غیرحاضر ملازمین کو تین ماہ کے لئے معطل کرکے پندرہ روز میں تحریری جواب بھی طلب کرلیاگیاہے ۔

بلوچستان کے سیکرٹری تعلیم محمد طیب لہڑی  نے ہم نیوز کے بیورو چیف ایوب ترین کو بتایا تھا کہ غیر حاضر ملازمین کو تین ماہ کے لئے معطل کر کے پندرہ روز میں جواب طلبی تحریری طور پر جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

سیکرٹری تعلیم بلوچستان نے کہا کہ غیر حاضر ملازمین کے باعث بچوں کا تعلیمی حرج ہورہا ہے کسی کو گھر بیٹھے تنخواہیں نہیں دے سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ معطل ملازمین کی جانب سے تسلی بخش جواب نہ آنے کی صورت میں انضابطی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے برطرفی کا حکم جاری کیا جائے گا ۔

محمد طیب لہڑی نے کہا کہ محکمہ تعلیم بلوچستان میں ایمر جنسی نافذ ہے ،اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

یہ بھی پڑھیے: بلوچستان : غیر حاضری کی بنیاد پر 2000سے زائد اساتذہ معطل


متعلقہ خبریں