پاک فوج کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، 18 افراد شہید


راولپنڈی کے علاقے بحریہ ٹاؤن فیز 7 میں آرمی ایوی ایشن کا چھوٹا تربیتی طیارہ آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 18 افراد شہید جبکہ 12 زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تربیتی طیارہ معمول کی پرواز پر تھا کہ اس دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ طیارہ گرتے ہی شدید آگ بھڑک اٹھی جس نے پانچ گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گیارہ شہریوں کے علاوہ  طیارے میں سوار 2 پائلٹ اور عملے کے 5 افراد شہید ہوئے جن میں  لیفٹیننٹ کرنل ثاقب، لیفٹیننٹ کرنل وسیم، نائب صوبیدار افضل، حوالدار ابن امین اور حوالدار رحمت شامل ہیں۔

حادثے کے فوری بعد ریسکیو 1122 اور پاک فوج کے جوانوں نے ریسکیو کارروائیاں شروع کی، زخمیوں اور شہید ہونے والے افراد کی میتوں کو نکال کر راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال اور ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی میں تربیتی طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں