کے پی کے میں اساتذہ کے تبادلوں پر یکم اگست تک پابندی عائد


پشاور: محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے اساتذہ کے تبادلوں پر یکم اگست تک پابندی عائد کر دی۔

ذرائع کے مطابق مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا کہ یکم اگست سے اساتذہ کے تبادلے نئی ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نئی ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا میں اساتذہ کے تبادلوں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کے ٹرانسفر میرٹ پر ہوں گے، تبادلوں کے عمل میں شفافیت آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے یکم اگست 2019 کو ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت ایپ لانچ کی جائے گی۔

یاد رہے دو ماہ قبل وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے محکمہ تعلیم کی ای ٹرانسفر پالیسی کی باقاعدہ منظوری دی تھی۔

ای ٹرانسفر پالیسی کے حوالے سے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا کہ اب محکمہ تعلیم نے تبادلے کارکردگی کی بنیاد پر بنا دیے ہیں جس کی وجہ سے اساتذہ کی کارکردگی میں واضح فرق آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ای ٹرانسفر پالیسی کے آن لائن نظام کی وجہ سے اساتذہ اوردفتری عملے بشمول طلباء کا قیمتی وقت بھی ضائع ہونے سے بچ سکے گا۔


متعلقہ خبریں