خودکشی کی جانب مائل افراد کی سات نشانیاں

خودکشی کے بارے میں سوچنے والے افراد کی 8 اہم نشانیاں

ایک حالیہ سروے کے مطابق دنیا میں ہر 40 سیکنڈ کے اندر ایک انسان خودکشی جیسا انتہائی قدم اٹھاتا ہے، ان میں سے بیشتر افراد یہ قدم اٹھانے سے پہلے چند واضح تبدیلیوں سے گزرتے ہیں۔

بعض اوقات ان کے ارد گرد کے لوگ ان تبدیلیوں کوپہچان نہیں پاتے اور معمول سمجھ کر نظر انداز کردیتے ہیں۔

مزاج میں اچانک بدلاؤ

خودکشی کا ارادہ کرلینے والے افراد کی طبیعت میں عموماً اچانک بدلاؤ آجاتا ہے۔ عام طور پر خاموش اور اکیلا رہنا پسند کرنے والے لوگ ایک دم خوش رہنے لگتے ہیں اور ان کا اپنوں سے میل جول بھی بڑھ جاتا ہے۔

اگرچہ یہ تبدیلی کافی واضح ہوتی ہے، عام لوگوں کی اکثریت اس کو خودکشی سے نہیں جوڑ پاتی۔

حقیقت یہ ہے کہ جب کوئی فرد خودکشی کا ارادہ کرلیتا ہے تو اس کو لگتا ہے کہ اس کو اپنے مسائل کا حل مل گیا ہے۔ ڈپریشن اور درد سے بالآخر آزادی کے خیال سے ایسے لوگوں کا مزاج ایک دم بہتر ہوجاتا ہے۔

اپنوں کے ساتھ وقت بِتانا

خودکشی کے بارے میں سوچنے والے بہت سے افراد اس انتہائی قدم سے پہلے اپنے قریبی لوگوں کے ساتھ وقت گزارنے کی کوشش کرتے ہیں اور ماضی میں سرزد ہوئی غلطیوں کی معافی مانگتے ہیں۔ اگرچہ اس کو سمجھنا مشکل ہوتا ہے مگر یہ ان کا الوداع کہنے کا طریقہ ہوتا ہے۔

نیند کے دورانیے میں کمی یا زیادتی واقع ہونا

اپنی زندگی خود ختم کرنے کا سوچنے والے افراد کی نیند کے معمولات پر کافی اثر پڑتا ہے۔ ایسے افراد یا تو ڈپریشن سے بھاگنے کے لئے بہت ذیادہ سونے لگتے ہیں، یا پھر ان کی نیند مکمل طور پر اڑ جاتی ہے اور ان کی طبیعت میں چڑچڑا پن آجاتا ہے۔

کھانے کی معمولات میں تبدیلی

خودکشی کے قریب افراد کا کھانے پینے کی معمولات بھی کافی تبدیل ہوجاتی ہیں۔ ایسے افراد یا تو یک دم زیادہ کھانے لگتے ہیں یا ان کی بھوک بہت کم ہو جاتی ہے۔ اس تبدیلی سے ان کا وزن بھی تیزی سے کم یا بڑھ جاتا ہے۔

منشیات کے استعمال میں اضافہ

خودکشی کی طرف مائل بہت سے افراد شراب اور دیگر منشیات کا بے دریغ استعمال شروع کردیتے ہیں۔ اگرچہ وہ یہ عمل اوروں سے چھپ کے کرتے ہیں، ان کے قریب کے افراد اس بدلاؤ کو محسوس کرسکتے ہیں۔

اپنوں سے روابط توڑ دینا

خودکشی جیسا انتہائی قدم عموماً ذہنی طور پر شدید پریشان افراد ہی لیتے ہیں۔ ایسے لوگ اوروں سے تمام روابط ختم کر کے اکیلا رہنا شروع کردیتے ہیں۔ ان کے لئے وہ تمام مشاغل جن میں حصہ لے کر انہیں خوشی محسوس ہوتی تھی بے معنی ہو جاتے ہیں۔

موت کے بارے میں بات کرنا

جو افراد خودکشی کرنے پر غور کر رہے ہوتے ہیں وہ اکثر موت سے متعلق معاملات پر اپنے دوستوں سے گفتگو یا مذاق بھی کرتے ہیں۔ ایسے افراد کو لگتا ہے کہ ان کے دنیا سے رخصت ہوجانے سے ان کے اپنے ذیادہ پرسکون زندگی گزار پائیں گے۔ ان کے دوست عموماً ایسی باتوں کو مذاق سمجھ کر نظرانداز کردیتے ہیں۔

اگر آپ اپنے چاہنے والوں میں ایسی علامات دیکھیں تو ان کے پاس بیٹھ کر اس حوالے سے  بات کریں۔


متعلقہ خبریں