مسافر ٹرینیں 15 گھنٹے تاخیر کا شکار: مسافر اذیت سے دو چار

مسافر ٹرینیں 15 گھنٹے تاخیر کا شکار: مسافر اذیت سے دو چار

سکھر: کراچی سے پنجاب جانے والی مسافر ٹرینیں 15 گھنٹے تک کی تاخیر کا شکار ہونے لگی ہیں۔ افسوسناک امر ہے کہ لاکھوں روپے مالیت سے سکھر ریلوے اسٹیشن پر لگائی جانے والی الیکٹرنک مشین بھی مسلسل بند رہنے سے ناکارہ ہورہی ہے لیکن تاحال انتظامیہ نے اس کی جانب توجہ مبذول نہیں کی ہے۔

مسافر ٹرینوں کے 14 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہونے کی اطلاع پر گزشتہ ہفتہ ہی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں اس حوالے سے غور کیا گیا تھا۔ شیخ رشید احمد نے بعدازاں پریس بریفنگ بھی دی تھی۔

ٹرینوں کی آمد میں تاخیر: شیخ رشید ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور پہنچ گئے

ہم نیوز کے مطابق روہڑی پہنچنے والی قراقرم ایکسپریس 15 گھنٹے تاخیر کا شکارہوئی ہے جب کہ ملت ایکسپریس، جعفر ایکسپریس اور ذکریا ایکسپریس بھی سکھر ریلوے اسٹیشن مقررہ وقت کے بجائے 15 گھنٹوں کی تاخیر سے پہنچی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق سکھر ایکسپریس، خیبرمیل، تیزگام اور بزنس ایکسپریس تاحال سکھر کی حدود میں ہی داخل نہیں ہوسکی ہیں۔ شاہ حسین، سرسید ایکسپریس اور گرین لائین کے متعلق بھی ابھی تک یہی اطلاعات ہیں کہ وہ سکھر کی حدود سے باہر ہیں۔

ریلوے کے ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ ٹنڈو آدم، سندھ سے شروع ہونے والی سکھر رینج کا ٹریک بارشوں کے باعث متاثرہوا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ملک کے سب سے بڑے ریلوے ڈویژن کی تباہ کن صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ریلوے انتظامیہ مسافروں کو ٹرینوں کی امد و رفت کی بابت بھی بتانے سے ’معذور‘ دکھائی دیتی ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو سخت پریشانی اور اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ریلوے سے سفر کے خواہش مند مسافروں اور ان کے عزیز رشتہ داروں نے اس سلسلے میں ہم نیوز کو بتایا کہ کنٹرول روم سمیت انکوائری دفتر کے تمام نمبر صبح سے شام تک مصروف ملتے ہیں اور یہ معمول کی بات بن گئی ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام اس جانب توجہ تک دینے کے لیے تیارنہیں ہیں۔

مہنگائی پہ دو ماہ میں قابو نہ پایا تو لوگ ہمیں پکڑیں گے، شیخ رشید

ہم نیوز کے مطابق سکھر ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ریلوے کے ڈی ایس اور ڈی سی او سمیت اسٹیشن ماسٹر کا نمبر بھی اٹینڈ نہیں کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو یہ تک معلوم نہیں ہوتا ہے کہ ان کی مطلوبہ ٹرین کتنی تاخیرسے پہنچے گی؟ تاکہ وہ اسی حساب سے ریلوے اسٹیشن پہنچیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے چند دن قبل پریس بریفنگ میں اعلان کیا تھا کہ وہ سکھر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پانچ روزہ دورے پرسکھر جا رہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی آمد پر انہیں ’سب اچھا ہے‘ دکھانے کے لیے سکھر ڈویژن کی ریلوے انتظامیہ نے صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ رنگ و روغن بھی کرانا شروع کردیا ہے۔

روہڑی ریلوے اسٹیشن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریلوے عملے کی بے حسی پر وہاں موجود مسافر انتظامیہ پر سخت مشتعل ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں