وزیراعلیٰ سندھ: ایچ آئی وی کو روکنے کے لیے ایک ارب کا فنڈ قائم

وزیر اعلیٰ سندھ کا صوبے میں گندم کے بحران پر قابو پالنے کا دعویٰ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے ایچ آئی وی کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ایک ارب روپے سے انڈونمنٹ فنڈ قائم کردیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ سندھ میں ایچ آئی وی کے حوالے سے اسکریننگ کرائی جائے گی اورعلاج معالجہ کے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے اعلیٰ سطحی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ڈبلیو ایچ او وفد کی قیادت ای ایم آر او کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد سلیم سیف المیندھری نے کی۔

وفد میں ای ایم آر او کے ڈائریکٹر پروگرام مینجمنٹ ڈاکٹر رانا احمد حجاہ الکیبی اور ڈبلیو ایچ او کے ہیڈ آف مشن ان پاکستان ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا سمیت دیگر شامل تھے۔

سندھ میں ایڈز: پاکستان کی عالمی ادارہ صحت سے تعاون کی اپیل

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک ارب روپے کی مالیت سے قائم کردہ فنڈ سے متاثرین کی بحالی میں مدد ملے گی اوران کے لیے ضروری ادویات کی خریداری ممکن بنائی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے ملاقات کرنے والے وفد سے کہا کہ ’ایڈز‘ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کی بھرپور مدد کریں گے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ ایچ آئی وی سمیت دیگرخطرناک و جان لیوا امراض کے اسباب، ان کی روک تھام اورعلاج معالجے کے حوالے سے مضامین تعلیمی نصاب کا حصہ بنا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو بھرپور آگاہی حاصل ہو سکے۔

حکومت سندھ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اسپتال کا فضلہ مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس بات کو بھی یقیینی بنا رہے ہیں کہ عطائی اور حجام اپنی دکانوں پر کام کے دوران حفظان صحت کے اصولوں کو لازمی مدنظر رکھیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی ادارہ صحت کے اعلیٰ سطحی وفد کو بتایا کہ اس ضمن میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے بلڈ بینکوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے جو قواعد و ضوابط کو پیش نظر نہیں رکھتے ہیں۔

پنجاب کے پانچ اضلاع میں ایچ آئی وی نے پنجے گاڑ رکھے ہیں

انہوں نے واضح کیا کہ ایچ آئی وی جیسی جان لیوا اور خطرناک بیماری کی روک تھام اور متاثرین کی بحالی کے لیے وسیع تر مالی تعاون کی ضرور ت ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے اعلیٰ سطحی وفد سے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کو ہیپا ٹائٹس کی روک تھام اور علاج معالجے کے لیے بھی ڈبلیو ایچ او کی مدد درکار ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت ڈبلیو ایچ او کے ساتھ مل کر ایچ آئی او کو کنٹرول کرنے کے لیے ستمبر میں ڈونر کانفرنس بلائے گی۔


متعلقہ خبریں