نیب کو اسحاق ڈار کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے شواہد مل گئے؟

نیب کو اسحاق ڈار کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے شواہد مل گئے؟

لاہور: نیب لاہور کو سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہونے کے شواہد مل گئے ہیں جس کے بعد ملزم کے خلاف اس ضمن میں بھی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اسحاق ڈار کے خلاف نیب کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس زیر سماعت ہے۔ وہ سینیٹ انتخابات سے قبل طبیعت کی خرابی کے باعث لندن چلے گئے تھے جس کے بعد سے وہیں مقیم ہیں۔

’اسحاق ڈار ہی نہیں شہباز شریف کے اہلخانہ کو بھی لندن سے واپس لانے کی کوشش ہورہی ہے‘

قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات ریفرنس میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا تھا۔ انٹرپول کے ذریعے انہیں گرفتار کر کے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق نیب لاہور نے سابق وفاقی وزیر خزانہ ملزم اسحاق ڈار کے مختلف بینک اکاؤنٹس سے ضبط شدہ 50 کروڑ روپے کی خطیررقم قومی خزانے میں جمع کروا دی گئی ہے۔

نیب لاہور کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے سمدھی اسحاق ڈار کا گلبرگ لاہور میں واقع بنگلہ بھی بحق سرکار ضبط کیا جا چکا ہے۔ یہ بنگلہ پانچ کنال رقبے پر محیط ہے۔

’برطانیہ اسحاق ڈار کو پاکستان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرچکا‘

ہم نیوز کے مطابق نیب لاہور کی جانب  سے حکومت پنجاب کو پابند کیا گیا ہے کہ مذکورہ بنگلہ فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔ محتاط اندازے کے مطابق بنگلے کی مالیت 12 سے 15 کروڑ روپے کے درمیان ہے۔

انتہائی ذمہ دار ذرائع کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ ملزم اسحاق ڈار کے خلاف جاری مقدمہ میں مزید اہم پیشرفت جلد سامنے آنے کا امکان ہے۔

ہم نیوز کے مطابق احتساب عدالت کی جانب سے اسحاق ڈار کو پہلے ہی مفرور قرار دیا جا چکا ہے۔


متعلقہ خبریں