پٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا ہونے کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: یکم اگست 2019 سے پٹرول اور ڈیزل لگ بھگ پانچ روپے جبکہ لائٹ ڈیزل 9 روپے فی لٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔

اوگرا کی طرف سے ارسال کی گئی  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کوموصول ہوگئی ہے جس میں یکم اگست 2019 سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں پانچ روپے پینسٹھ پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی ہے۔

اسی طرح پٹرول کی  فی لٹر قیمت میں پانچ روپے پندرہ پیسے اضافے کی تجویزدی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں پانچ روپے اڑتیس پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

اوگرا کی طرف سے سب سے زیادہ اضافہ لائٹ ڈیزل کی قیمت  میں سفارش کیا گیا ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت  آٹھ روپے نوے پیسے فی لٹر تک مہنگا کرنے کی تجویز دیدی گئی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ کل وزارت خزانہ  وزیرااعظم کی منظوری سے کرے گی ۔ نئی قیمتوں پر عملدرآمد یکم اگست سے ہوگا۔

یاد رہے کہ حکومت نے جولائی کے مہینے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنےکا اعلان کیا تھا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے 30 جون کو جاری اعلامیے کے مطابق ماہ جون کی مقررہ قیمتیں جولائی میں بھی نافذالعمل ہوں گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیےکیا گیا ۔

یاد رہے گزشتہ ماہ بھی اوگرا کی جانب سے حکومت کو پٹروليم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری بھیجی گئی تھی ۔

اوگرا کی طرف سے تیار کی گئی سمری میں ہائی سپيڈ ڈيزل کی قيمت ميں دو روپے تيس پيسے اضافہ تجویز کیا گیا تھا جبکہ پٹرول کی قیمت میں 77پیسے فی لٹر کمی کی سفارش کی گئی تھی۔

اسی طرح لائٹ ڈيزل آئل کی قيمت ميں  بھی 26 پيسے اضافے کی تجويز دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنےکا اعلان


متعلقہ خبریں