پارلیمنٹ حملہ کیس، وفاقی وزرا کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور

فوٹو: فائل


اسلام آباد: انسداد دہشتگردی عدالت نے پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزراء سمیت دیگر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں۔

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں سرکاری ٹیلی ویژن چینل (پی ٹی وی) اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، اسد عمر، وزیر تعلیم شفقت محمود کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لی گئیں۔

عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما جہانگیر ترین اور سیف اللہ نیازی کی حاضری سےاستثنیٰ کی درخواستیں بھی منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیسں میں وزیر اعظم عمران خان نے پہلے ہی حاضری سے مستقل استثنیٰ لے رکھا ہے۔

تحریک انصاف نے سال 2014 میں اسلام آباد کے ڈی چوک پر نواز حکومت کے خلاف 126 روزہ دھرنا دیا تھا جس میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان بھی شامل تھے۔ اس دوران دھرنے کے شرکا نے وزیر اعظم ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس سے پارلیمنٹ ہاؤس کے دروازے کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

یہ بھی پڑھیں ایس ایس پی تشدد کیس میں عمران خان بری

شاہراہ دستور پر تعینات پولیس اہلکاروں اور مظاہرین میں جھڑپ بھی ہوئی تھی جس میں مظاہرین نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو کو حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا۔

اسلام آباد پولیس نے ان تمام واقعات کے مقدمات عمران خان، طاہر القادری، عارف علوی، اسد عمر، شاہ محمود قریشی، شفقت محمود اور راجہ خرم نواز گنڈاپور سمیت دیگر کے خلاف درج کیے جن میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئیں تاہم مئی 2018 میں عمران خان کو ایس ایس پی حملہ کیس میں بری کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں