یکم اگست کو ایوان بالا میں کیا ہوگا؟


اسلام آباد:یکم اگست کو ایوان بالا یعنی سینیٹ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے خلاف پاکستانی پارلیمان کی تاریخ میں پہلی بار تحریک عدم اعتماد پیش ہونے جار ہی ہے۔ 

ذرائع کا کہناہے کہ آج سیکرٹری سینیٹ اور شعبہ قانون سازی کے افسران کے درمیان اس حوالے سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں سیکرٹری سینیٹ محمد انور نے شعبہ قانون سازی سے تفصیلی بریفنگ لی۔

تحریک عدم اعتماد کے اجلاس کو چلانے کیلئے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ایوان میں  تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے لئے سینیٹ اجلاس یکم اگست کی دوپہر دوبجے بلایا گیاہے۔

سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا صرف عدم اعتماد کی تحریک پر مشتمل ہوگااور اجلاس کی  صدارت بیرسٹر سیف بطور پریذائڈنگ افسر کرینگے۔ تحریک عدم اعتماد کے اجلاس میں پہلے محرکین کو تحریک کے حق میں اپنی نشستوں سے کھڑا ہونے کا کہا جائے گا۔

پارلیمانی ذرائع کا کہناہے کہ اپوزیشن نے اپنی اکثریت ایک چوتھائی سے زیادہ دکھائی تو تحریک پر مزید کارروائی ہو گی۔ سینیٹ کے قوائد و ضوابط کے مطابق چیئرمین سینیٹ اور محرکین کو بات کرنے کےلئے تیس تیس منٹ دیے جائینگے

سینیٹ کے قواعد بارہ ضابطہ آٹھ کے مطابق اجازت ملنے پر دوسرا کوئی رکن پندرہ منٹ تک بات کرسکے گا، چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم ا عتماد پر ووٹنگ خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگی۔

سیکرٹری سینیٹ اور وزارت قانون کی تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بیلٹ پیپر پر بھی مشاورت کی گئی ۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ آخری مراحل میں داخل ہوگیاہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بیلٹ باکسز اور پولنگ بوتھ سینیٹ سیکرٹریٹ پہنچا دیئے ہیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کو بیلٹ باکسز اور پولنگ بوتھ موصول ہوگئے ہیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے بیلٹ باکسز اور پولنگ بوتھ ملتے ہی الیکشن کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بیرسٹر سیف کو سینیٹ کا پریذائیڈنگ افسر مقرر کردیا گیا


متعلقہ خبریں