قندھار: سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے تین بچے ہلاک


 قندھار :افغانستان کے ایک سرحدی قصبے میں منگل کے روز سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے تین بچے ہلاک ہوگئے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ واقع  پاکستان کے شہر چمن سے ملحقہ قصبہ سپن بولدک  کے قریب ایک مارکیٹ میں  سڑک کے کنارے پیش آیا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق بم اس وقت پھٹا جب ایک مشتبہ شخص دھماکہ خیز مواد سڑک کے کنارے نصب کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

قندھار پولیس کے مطابق دھماکے میں کم از کم 23 افراد بشمول 6 بچے زخمی ہوگئے۔افغان میڈیا  کے مطابق بعض زخمی ہونے والے بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔

اب تک کسی گروپ بشمول طالبان نے دھماکے کی زمہ داری قبول نہیں کی۔

ہفتے کے روز شاہ ولی کوٹ ڈسٹرکٹ میں فائرنگ کے ایک واقع میں دو امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے، تاہم امریکی فوجی حکام نے فائرنگ کے واقع  کی وجوہات نہیں بتائیں۔

طالبان نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ آپس  میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک امریکی اور ایک افغان فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔  تاہم آزاد ذرائع سے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

دریں اثناء اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 2018 کے مقابلے میں اس سال افغانستان میں شہریوں کی ہلاکتوں  میں 27 فیصد کمی آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال 2019 کے شروع سے اب تک 1,366 شہری ہلاک اور 2,446 زخمی ہوگئے ہیں جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 27 فیصد کم ہے۔

یہ بھی پڑھیے: افغانستان سے قبل از وقت فوجی انخلا غلطی ہوگی، جنرل مائیک مائلی

 


متعلقہ خبریں