منہ کے چھالوں سے فوری نجات حاصل کریں

منہ کے چھالوں سے فوری نجات حاصل کریں

منہ کے چھالے کسی کو کسی بھی وقت ہو سکتے ہیں لیکن اس کی وجوہات کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ منہ کے چھالوں کو معدے کی خرابی، قوت مدافعت کا کمزور ہونا، ذہنی دباؤ یا پھر غذائیت کی کمی سے جوڑا جاتا ہے تاہم منہ کے چھالے انتہائی تکلیف دہ ہوتے ہیں اور انہیں ٹھیک ہونے میں تھوڑا وقت بھی لگتا ہے۔

منہ کے چھالوں کی صورت میں کچھ ایسے گھریلو ٹوٹکے آپ کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں جو چھالوں کی وجہ سے اٹھنے والی تکلیف سے نجات دلائیں گے۔

1۔ ناریل کا تیل

ناریل کا تیل جراثیم کش خصوصیات رکھتا ہے جو منہ کے چھالوں میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ناریل کے تیل کی کچھ مقدار متاثرہ حصوں پر لگائیں تو یہ آپ کو ہونے والی تکلیف سے نجات دلائے گا۔ ناریل پانی پینے سے جسم ٹھنڈار رہتا ہے اور یہ دوبارہ چھالے بننے بھی نہیں دیتا۔

2۔ شہد

شہد کے قدرتی مرہم ہے جس میں بہت سی بیماریوں کا علاج ہے۔ شہد منہ میں بننے والے چھالوں کو ختم کرنے اور درد کی تکلیف سے نجات دلاتا ہے۔ نیم گرم پانی سے کلی کرنے کے بعد چھالوں پر شہد لگائیں اور اس عمل کو دن میں 2 سے 3 بار وقفے وقفے سے کریں۔

شہد کو ہلدی میں ملا کر بھی چھالوں پر لگایا جا سکتا ہے جس سے آپ کو آرام ملے گا۔

3۔ ایلو ویرا

ایلو ویرا بنیادی طور پر ایک جنگلی پودا ہے جو دنیا بھر میں ہر ہوسم میں با آسانی اگ جاتا ہے اسے اردو میں گھیکوار بھی کہا جاتا ہے۔ ایلو ویرا میں موجود جیل منہ کے چھالوں کو ٹیک کرنے کے لیے بہت بہترین ہے۔

ایلو ویرا میں موجود جیل کی کچھ مقدار منہ کے چھالوں پر لگائیں یہ آپ کو نہ صرف درد سے نجات دلائے گا بلکہ چھالوں کو تیزی سے ٹھیک بھی کرے گا۔ اس عمل کو دن میں 2 سے 3 مرتبہ دھرائیں۔ اس کے علاوہ ایلو ویرا کے پتوں کو بھی براہ راست چھالوں پر ملا جا سکتا ہے۔

4۔ نمک

پانی میں نمک کی کچھ مقدار ملا کر کلی کرنے سے بھی درد میں آرام ملتا ہے جبکہ نمک کے پانی سے کلی کرنے سے منہ کی صفائی بھی ہو جاتی ہے اور زخم کے باعث پیدا ہونے والے جراثیم بھی ختم ہو جاتے ہیں۔

5۔ دہی کا استعمال

جہاں دہی کھانے کے کئی فوائد ہیں وہیں یہ منہ کے چھالوں سے نجات کے لیے کافی کارآمد ہے۔ دہی میں ایسے مفید بیکٹریا ہوتے ہیں جو اسے دودھ سے بھی زیادہ فائدہ مند بنا دیتے ہیں اور نقصان دہ بیکٹریا سے لڑ کر اسے ختم کرتے ہیں۔

صرف دہی کا استعمال ہی آپ کو چھالوں سے نجات دلا دے گا۔ روزانہ چند چمچ دہی کھانے سے آپ تکلیف  دہ چھالوں سے نجات حاصل کر لیں گے۔

6۔ وٹامن ای کی کمی

جسم میں وٹامن ای کی کمی سے بھی چھالے ہو جاتے ہیں اس حوالے سے آپ وٹامن ای کے کیپسول روزانہ استعمال کریں اور منہ کے چھالوں سے نجات حاصل کریں۔ اس کے علاوہ یہ کیپسول کاٹ کر بھی آپ چھالوں پر لگا سکتے ہیں یہ انفیکشن ہونے نہیں دیتا۔

7۔ تلسی کے پتے

تلسی یا تخم ریحان ایک ایسا پودا ہے جس کے نہ صرف پتے بلکہ بیج بھی مختلف بیماریوں کے علاج میں کام آتے ہیں۔ تلسی کے پتے پانی کے ساتھ چبا لیں اور اس عمل کو دن میں 3 سے 4 بار دھرائیں۔ اس سے آپ کے منہ میں چھالوں کی وجہ سے ہونے والے درد میں نہ صرف آرام ملے گا بلکہ یہ چھالوں کو بھی ختم کرنے میں مدد دے گا۔


متعلقہ خبریں