شہر میں بارش: مئیر کراچی نے وفاقی وزیر برائے بحری امور سے مدد طلب کر لی


کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے شہر میں ہونے والی حالیہ بارشوں میں امدادی کاموں کے لئے وفاقی وزیر برائے بحری امور سے مدد طلب کر لی ہے۔ 

میئر کراچی وسیم اختر نے وفاقی وزیر برائے  بحری امور علی زیدی کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیاہے کہ مسلسل 40 گھنٹوں سے جاری بارش سے شہر کا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔ کے ایم سی کی طرف سے شہر میں ایمرجنسی نافذ کی جا چکی ہے۔

وسیم اختر نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ہے،عام شہری اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں،

سید وسیم اختر نے وفاقی وزیر برائے بحری امور کو لکھے گئے  اپنے خط میں الزام عائد کیاہے کہ سندھ حکومت کی طرف سے فنڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے نالوں کی صفائی کا کام مکمل نہ ہو سکا۔ نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے سیوریج کا پانی پینے کے پانی کی لائنوں میں مل گیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ گندا پانی پینے کی وجہ سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ بھی ہے،سندھ حکومت کے ماتحت ادارے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے شہر کا کچرا نالوں کے پانی میں مل کر سمندر میں جا رہا ہے۔

مئیر کراچی نے لکھا کہ  سمندر میں کچرے کے جانے سے سمندری مخلوق کو بھی خطرات لاحق ہو رہے ہیں، وزارات بحری امور کراچی اور سمندر کی تشویش ناک صورت حال کا نوٹس لیں،شہر اور اسکی عوام کے لئے وزیر بحری امور اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی بارش سے جل تھل ہوگیا: گیارہ انسانی جانیں لقمہ اجل بن گئیں


متعلقہ خبریں