کفایت شعاری مہم: صدر پاکستان کی استثنیٰ کی سمری مسترد

کفایت شعاری کی مہم: صدر پاکستان کی استثنیٰ کی سمری مسترد

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے بتایا ہے کہ صدر پاکستان عارف علوی کو گفٹ اینڈ انٹر ٹینمنٹ اور صوابدیدی فنڈز پرعائد پابندی سے استثنیٰ نہیں دیا گیا۔

ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان کے پاس مختلف ممالک کے سربراہان آتے ہیں اس لیے انہوں نے وزیراعظم کو سمری ارسال کی تھی۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ معاملہ کابینہ ایجنڈے میں تو زیر بحث نہیں آیا لیکن وزیراعظم نے یہ کہہ کر سمری مسترد کردی کہ جب کوئی اہم مہمان آئے گا تو اس لحاظ سے فیصلہ کیا جائے گا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ان کی وزارت نے بھی سمری ارسال کر رکھی ہے کہ انتہائی اہم مہمانوں کے لیے اخراجات کی اجازت دی جائے۔

خیال رہے کہ صدرمملکت عارف علوی نے وفاقی حکومت کے کفایت شعاری پروگرام کے تحت گفٹ اینڈ انٹر ٹینمنٹ اور صوابدیدی فنڈز پر عائد پابندی سے استثنیٰ اورایوان صدر کیلئے خصوصی فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ہم نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق پی ایم آفس، وزارت خارجہ اور کابینہ ڈویژن کو اس حوالے سے خصوصی رعایات دی جا چکی ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق گفٹ اینڈ انٹر ٹینمنٹ فنڈز پر پابندی کے باوجود گزشتہ مالی سال کے دوران اس مد میں 51 کروڑ 60 لاکھ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں