ملک بھر میں بارشیں: تین دن میں 68 افراد جاں بحق

ملک بھر میں بارش: تین دن میں 68 افراد جاں بحق

فائل فوٹو


اسلام آباد: آج زیریں سندھ کے مختلف علاقوں میں بادل کھل برسے ،مانسہرہ میں گھر چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد ابدی نیند سو گئے۔

سندھ کے شہر گھوٹکی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص چل بسا،این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ تین دنوں  کے دوران اڑسٹھ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس سے چھتیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، کشمیر اوراسلام آباد میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، مردان،ژوب ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی ، حیدرآباد ، میرپورماتھیلو اور گھوٹکی میں مون سون بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ٹھٹھہ اور ٹنڈوآدم کی سڑکیں اور گلیاں بارش کے باعث ندی کا منظرپیش کر رہی ہیں۔۔ سوموار کو ہونے والی بارش کا پانی تاحال سڑکوں پر جمع ہے۔

گھوٹکی کے علاقے بیروٹا میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔ مانسہرہ میں دارہ کے مقام پر مکان کی چھت گرنے سے 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اٹھائیس جولائی سے ملک بھر میں بارش اور سیلاب کے باعث 68 افراد جاں بحق 73 زخمی ہوئے۔

ادھر خیبر پختونخوا میں ڈی آئی خان اور بلوچستان کو ملانے والا پل سیلابی ریلے کی نذر ہو گیا ۔ دونوں اطراف سے ٹریفک بند ہونے سے ایمبولینس سمیت کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔

رحیم یار خان کے علاقے جمال دین والی میں سیلابی صورتحال کے باعث دریائی علاقوں کے رہائشیوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطاب ق  گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت زیریں سندھ میں اکثر مقامات پر جبکہ لاہور، بہاولپور، ملتان، مکران ڈویژن، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش سندھ کے علاقے شہیدبینظیرآباد میں 53، کراچی (صدر25، فیصل بیس08، ناظم آباد06، ائرپورٹ، مسرور،کیماڑی، یونیورسٹی روڈ05،  نارتھ کراچی03)، ٹھٹھہ11، حیدرآباد، ٹنڈوجام 10،میرپورخاص04، بدین،دادو03 اور لاڑکانہ میں 01 ملی میٹر بارش ہوئی۔

پنجاب کے علاقوں لاہور(سٹی46،ائیرپورٹ 03) خانپور 11،بہاولپور04 اور  ملتان میں 03 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کشمیر میں کوٹلی 08، مظفرآباد03 اور گڑھی دوپٹہ میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح  بلوچستان کے ضلع لسبیلہ  میں 06 جبکہ  گلگت بلتستان کے علاقے بونجی میں01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: شدید بارشوں میں حفاظت کے لیے یہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں

شہر میں بارش: مئیر کراچی نے وفاقی وزیر برائے بحری امور سے مدد طلب کرلی


متعلقہ خبریں