2ارب 12کروڑ روپے کے عوض 2ملزمان کی پلی بار گین کی درخواست منظور


اسلام آباد: احتساب عدالت نے نوری آباد پاور کمپنی اور سندھ ٹرانسمیشن فنڈز میں خوردبرد کے معاملے میں ملوث ملزمان کی پلی بارگین درخواست منظور کرلی ۔ 

ملزمان سید آصف محمود اور سید عارف علی چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی طرف سے پلی بارگینگ کی درخواست منظور ہونے کے بعد احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

چیئرمین نیب کے منظوری کے بعد احتساب عدالت نے بھی ملزمان کی پلی بارگینگ کی درخواست منظور کر لی۔ تفتیشی افسر نے پلی بارگین کی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرا دی۔

جج احتساب عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں کتنے پیسے دینے کے لئے ملزمان تیار ہیں؟ کیا آپ اپنے خوشی سے پلی بارگین کر رہے ہیں؟

ملزمان کی طرف سے جواب دیا گیا کہ وہ جی خوشی سے پلی بارگین کر رہے ہیں۔

جج محمد بشیر نے پھر پوچھا کسی کی جانب سے پلی بارگین کے لئے دباؤ تو نہیں ہے نہ؟

ملزمان کی طر ف سے عدالت کو بتایا گیا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دونوں ملزمان 2.12 ارب روپے دینے کے لئے تیار ہیں۔ دونوں ملزمان کاروبار میں برابر کے پارٹنر ہیں۔ ملزمان سید آصف محمود اور سید عارف علی نے سندھ حکومت کے افسران سے ملکر کرپشن کی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ دونوں ملزمان نے سندھ حکومت کے ساتھ ملکر ٹھیکوں میں خرد برد کی ہے۔

جج محمد بشیر نے ملزمان سے استفسار کیا کہ آپ دونوں کا کاروبار کتنا ہے؟

سید آصف محمود نامی ملزم نے عدالت کو آگاہ کیا کہ  ہم دونوں کا ایک پراجکیٹ بارہ ارب روپے کا ہے۔

اس پر جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ اتنے زیادہ پیسے آپ لوگوں کے پاس ہیں پھر کرپشن کیوں کرتے ہو؟

عدالت نے دونوں ملزمان کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔

یہ بھی پڑھیے: بلوچستان میگا کرپشن کیس، ملزم کی پلی بارگین کی درخواست منظور


متعلقہ خبریں