پلاسٹک بیگ پر پابندی، متبادل سامنے آ گیا


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی کے بعد اس کا متبادل پیش کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں وزارت موسمیاتی تبدیلی نے شہریوں کو کپڑے اور پیپرماشی بیگز استعمال کرنے کی تجویز دی ہے جبکہ وزارت نے بطور نمونہ چار مختلف اقسام کے بیگ تیار کر لیے ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی کی وزارت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ماحول دوست ‘بائیو ڈی گریڈیبل’ شاپرز کا استعمال کریں۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں 14 اگست سے پلاسٹک شاپرز کے استعمال پر پابندی عائد ہو جائے گی، اس تاریخ کے بعد پلاسٹک شاپرز استعمال کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 اگست 2019 سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ رواں سال 17 مئی کو کیا تھا۔

یہ فیصلہ وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ امور پر ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا تھا۔

اجلاس میں وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ کے استعمال کے خاتمے کے لیے قواعد و ضوابط بنا لیے گئے ہیں جن پر 14 اگست کے بعد عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔


متعلقہ خبریں