’ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں کا موثر جواب دیا جائے گا‘


اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں ناکامی کا نتیجہ ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی خلاف ورزیوں کا موثر جواب دیا جائے گا اور پاک فوج معصوم شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیاں اس کی ناکامی ظاہر کرتی ہیں۔

بھارتی فوج نے گزشتہ روز کنٹرول لائن کے شادرہ، شاہ کوٹ اور دیگر سیکٹرز پربلااشتعال فائرنگ کی جس سے ایک شخص شہید جبکہ 9 معصوم شہری زخمی ہوئے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں؛ ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی طرف جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، حالیہ دو سالوں میں 1970مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔

پاکستان نے بھارت پر 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہوسکتی ہے، بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے۔

ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں