ساہیوال: خواجہ سراؤں کا قاتل گرفتار


ساہیوال: چھ روز قبل قتل کیے گئے دو خواجہ سراؤں کے قاتل کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ساہیوال نے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو آگاہ کیا کہ قاتل زبیر کا آٹھ ماہ سے مقتول خواجہ سرا مسکان سے رابطہ تھا۔

واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قاتل زبیر نے خواجہ سراؤں کو قتل کرنے کے بعد پستول گندے نالے میں پھینک دی تھی۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

قاتل نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ میں نے آئے دن کی لڑائی کی وجہ سے مسکان کو قتل کیا۔

قاتل نے اپنے بارے میں پولیس کو بتایا کہ اس کا نام زبیر ہے اور وہ رحیم یار خان کی ایک فیکٹری میں الیکٹریشن کا کام کرتا ہے جبکہ ساہیوال کا رہائشی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران ڈی پی او ساہیوال نے کہا کہ قاتل زبیر اس سے پہلے بھی قتل کے مقدمہ میں تھانہ غلہ منڈی کو مطلوب تھا۔

ملزم کو پولیس تھانہ ہڑپہ نے جدید طریقہ کار سے 48 گھنٹوں میں گرفتار کیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے 72 گھنٹوں میں آر پی او ساہیوال سے اس واقعہ کی رپورٹ طلب کر رکھی تھی۔


متعلقہ خبریں