ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ: محمد عامر کی اہلیہ شوہر کے دفاع میں میدان میں آگئیں


اسلام آباد: محمد عامر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان اور کچھ حلقوں کی جانب سے تنقید کے بعد فاسٹ باؤلرکی اہلیہ اپنے شوہر کے دفاع میں میدان میں نکل آئیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں نرجس عامر کا کہنا تھا کہ محمد عامر انگلینڈ یا کسی دوسرے ملک کے لیے کرکٹ کھیلنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

نرجس کا کہنا تھا کہ عامر کو پاکستانی ہونے پر فخر ہے، وہ کھیلنا  اور صرف پاکستان کی نمائندگی کرنا پسند کرتے ہیں۔

اسی ٹوئٹ میں نرجس کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے شوہر کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے معاملے پر وضاحت دینے کی ضرورت نہیں تھی تاہم وہ صرف یہ بتانا چاہتی ہیں کہ اللہ ان لوگوں کو ہدایت دے جو عامر پر تنقید کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئیے: فاسٹ بولر محمد عامر کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

انہوں نے کہا کہ عامر صرف ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوئے ہیں اور انہوں نے کرکٹ کو خیر باد نہیں کیا۔

نرجس کا کہنا تھا کہ عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ وہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ  پر بھرپور توجہ دے سکیں اور ملک ان پہ فخر کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نہ صرف عامر بلکہ ان کی بیٹی مِنسا بھی اگر بڑی ہوکر کرکٹ کیھلنا چاہے گی، عامر کی بھی یہی خواہش ہے کہ ان کی بیٹی پاکستان کی نمائندگی کرے۔

نرجس کا کہنا تھا کہ وہ دعاگو ہیں کہ اللہ ان منفی سوچ رکھنے والے لوگوں کو ہدایت دے جو عامر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ  پر ان پر تنقید کررہے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سے محمد عامر پر کچھ حلقوں کی جانب سے تنقید کی جارہی تھی۔

اس سے پہلے خبریں گردش کر رہی تھیں کہ عامر انگلینڈ میں مستقل رہائش اختیار کرنے کے لیے برطانوی پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر نے ’’شریک حیات ویزے‘‘ کے تحت برطانوی شہریت کے لیے باقاعدہ درخواست دی ہے۔ عامر کی اہلیہ نرجس کے پاس برطانوی شہریت ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں