افغانستان میں دھماکہ، خواتین اور بچوں سمیت 32 افراد جاں بحق


افغانستان کے صوبے فرح میں مسافر بس سڑک کنارے بم سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 32 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ بدھ کی صبح تقریباً 6 بجے قندھار-حیرت ہائی وے پر پیش آیا۔

صوبائی پولیس سربراہ محب اللہ محب نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ کسی تنظیم نے اب تک دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

مزید پڑھیں: قندھار: سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے تین بچے ہلاک

ایک روز قبل اقوام متحدہ نے افغانستان میں ہونے والی شہری ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سال کے پہلے چھے ماہ میں اب تک 1366 معصوم شہری مارے جا چکے ہیں جن میں سے ایک تہائی تعداد بچوں کی ہے۔

افغانستان میں ستمبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے انتخابی مہم بھی زوروں سے جاری ہے جس کے پیشِ نذر یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

گزشتہ اتوار کابل میں ایک خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی صدارتی انتخابات کے امیدوار امراللہ صالح کی دفتر سے ٹکرا دی تھی، جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ تاہم امراللہ خود اس واقعے میں محفوظ رہے تھے۔


متعلقہ خبریں