سعودی وزیر برائے  ابلاغ عامہ ترکی بن عبداللہ کی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات


اسلام آباد:  سعودی وزیر برائے  ابلاغ عامہ ترکی بن عبداللہ کی4رکنی وفد کے ہمراہ  اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات ہوئی ہے۔ 

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقا ت میں ممبران قومی اسمبلی سید نوید قمر ، خرم دستگیر خان ، احسان اللہ ٹوانہ ، ڈاکٹر حیدر علی اور ایوب افریدی بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ  پا کستان اورسعودی عرب کے مابین برادرانہ دیرینہ تعلقات ملکی او رعوامی سطح کے ہیں ، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی فراخدلانہ مد د کی ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد سعودی عرب میں مختلف شعبوں میں خدمات سر انجام دے رہی ہے اور اپنے ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ بھیج رہے ہیں ،سعودی عرب کی طرف سے پاکستانی عازمین حج کی روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت  سہولیات کی فراہمی قابل ستائش ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قومی اسمبلی پاک۔سعودی فرینڈ شپ گروپ کے ذریعے دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کو خواہاں ہے،اُمت مسلمہ کودرپیش مسائل پر قابو پانے کے لیے مسلم ممالک میں اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے پاکستان اور پاکستانی عوام کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستانی عوام سعودی عرب کے ساتھ گہری وابستگی رکھتی ہے اور اسے اپنا گھر سمجھتی ہے۔

اس موقع پر سعودی وزیر برائے ابلاغ عامہ ترکی بن عبداللہ نے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک اہم علاقائی علاقہ و عالمی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں،عالمی و علاقائی فورمز پر دونوں نے ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں ۔

ترکی بن عبداللہ نے کہا کہ سعودی عرب سماجی و اقتصادی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے،سعو دی عرب مشکل کی ہر گھڑ ی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے: ایک لاکھ سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے


متعلقہ خبریں