1000 جی بی موبائل ڈیٹا والے واٹس ایپ پیغام کے جھانسے میں نہ آئیں!


خبردار! انٹرنیٹ پر گردش کرنے والا 1000 جی بی موبائل (انٹرنیٹ) ڈیٹا کی پیشکش والا واٹس ایپ پیغام جعلی  ہے اور اس سے آپ کے موبائل میں وائرس آسکتا ہے۔

واٹس ایپ سے منسوب انٹرنیٹ پر گردش کرنے والا پیغام بدنیتی پر مبنی اور جعلی ہے۔ سائبر کرائم کے ماہرین کے مطابق واٹس ایپ سے منسوب یہ پیغام ایک وائرس ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس وائرس والے پیغام پر کِلک کرنے سے اجتناب کریں ورنہ آپ کے موبائل کا سارا ڈیٹا چوری ہوسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پیغام کے لنک میں واٹس ایپ دکھا کر اسے درست دکھانے کی کوشش کی گئی ہے تاہم اس پر کِلک کرنے سے وائرس شدہ ویب سائٹ کھل جائے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پیغام کے ساتھ آنے والا یو آر ایل (URL) کوئی واٹس ایپ ڈومین نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے لِنک پر کِلک کرنے پر لکھا ہوا آجاتا ہے کہ یہ پیشکش واٹس ایپ کی دسویں سالگرہ پر دی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھئیے: انٹرنیٹ نے 30 سالوں میں طویل سفر طے کیا

جُوں جُوں آپ کلک کر کے سوالوں کا جواب دیتے ہیں، جعلی سائٹ آپ کو یہ پیغام کم از کم 30 لوگوں کو بھیجنے کا کہتی ہے تاکہ آپ اس ’بڑی‘ پیشکش کو پانے کے اہل ہوسکیں۔

ماہرین کا کہنا ہے یہ حربہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ڈیٹا تک رسائی  حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تاکہ بڑے پیمانے پر ڈیٹا چُرایا جاسکے۔

سائبر کرائم کے ماہرین کا کہنا ہے واٹس ایپ  اتنے بڑے پیمانے پر مفت ڈیٹا پیش کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ اُن کا کہنا ہے انٹرنیٹ پر موجود واٹس ایپ سے منسوب پیغام ایک وائرس ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی پیغامات کی تصدیق کے لیے ہمیشہ واٹس ایپ کے ٹوئٹر اور فیس بک والے پیج کا جائزہ لیں۔

ایسی کسی بھی پیشکش کے حوالے سے واٹس ایپ کے سوشل میڈیا پیجیز پر اعلان نہ ہونے کی صورت میں یقین کرلیں کہ ان سے منسوب ایسے پیغامات جعلی ہیں۔


متعلقہ خبریں