چیف جسٹس گھروں سے متعلق مقدمات کو جلد لگوائیں، وزیر اعظم



اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے اپیل کی ہے کہ گھروں سے متعلق مقدمات کو جلد لگوائیں تاکہ عدالت سے اجازت کے بعد بینک لوگوں کو قرضے دینا شروع کریں۔

وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم سے غریب لوگوں کو فائدہ ہو گا جبکہ پاکستان میں سوا کروڑ گھروں کی کمی ہے اور اکثر لوگ اپنا گھر بنانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال ملک میں بدترین لوٹ مار کی گئی اور ملک کو بے رحمی سے لوٹا گیا، جس کی وجہ سے خزانہ خالی ہے اور اب ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن اس کے باوجود ہم نے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا فیصلہ کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں کا منصوبہ گوادر کے مچھیروں سے شروع کریں گے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ نیا پاکستان منصوبے میں پاکستانی میٹریل استعمال ہو۔ ہاوَسنگ اتھارٹی کا مقصد گھر بنانے والوں کوسہولیات فراہم ہوں اور ہم ان لوگوں کو گھر بنانے کا موقع دیں گے جن کے پاس وسائل موجود نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھر بنانے کے لیے بینکوں سے آسان قرضے کو یقینی بنا رہے ہیں اور اس حوالے سے لاہور ہائی کورٹ میں کیس موجود ہے۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کوئی بھی بڑا کام شروع کرنا آسان نہیں ہوتا، مشاورت ہورہی ہے کہ کیسے گھر بنانے کے لیے قرض پر کم سے کم سود ہو جبکہ کنسٹرکشن کمپنیوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ منصوبے سے 40 صنعتیں براہ راست منسلک ہیں اس سے لوگوں کو روزگار میسر ہو گا اور معیشت مضبوط ہو گی۔


متعلقہ خبریں