700 پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر وزیراعظم کا اظہار تشکر

وزیراعظم کی احساس کفالت پروگرام کے دائرہ کار میں توسیع کی ہدایت

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 700 پاکستانیوں کی رہائی پر عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فون پر بات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

عمران خان اور شیخ محمد بن زید کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور خطے میں ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔

وزیراعظم  نے  ایف اے ٹی ایف کے معاملے میں پاکستان کی  حمایت کرنے پر یو اے ای کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 700 پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اقدام دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

خیال رہے کہ حکومت پاکستان یو اے ای سے 3500 پاکستانی قیدیوں کو رہا کرانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جن میں سے 700 سو وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

ابتدائی مرحلے میں ابوظہبی سے 262 ، عجمان سے 65، فجیرہ سے 62 اور شارجہ سے 52 قیدیوں کو پاکستان بھیجا گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں