چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد، بیلٹ پیپر تیار


اسلام آباد:چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر طلب کیے گئے سینیٹ اجلاس اور قرارداد سے متعلق تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ 

سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد  کی قرارداد سے متعلق بیلٹ پیپر بھی تیار کرلیا گیا ہے۔ پارلیمانی قواعئد کے تحت قرارداد پر خفیہ رائے شماری کرائی جائے گی۔ ہر رکن حروف تہجی کے حساب سے اپنا بیلیٹ پیپر حاصل کرے گا۔

قرارداد کے حق یا مخالفت میں ووٹ دیکر بیلیٹ باکس میں ڈالنا لازمی ہوگا۔ قرارداد کے حق میں زیادہ ووٹ آنے کی صورت میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے ۔

چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے خالی عہدوں پر انتخابات کے لئے پریذائیڈنگ افسر شیڈول کا اعلان کریں گے۔ صدر مملکت کی جانب سے مقرر کردہ پریذائیڈنگ آفیسر سینیٹر بیرسٹر سیف نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کرائیں گے۔ دونوں عہدوں کے انتخابات  کےلئے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ نے قرارداد پر ووٹ کے لئے ہدایت نامہ  بھی جاری کردیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے ارکان سینیٹ پر پولنگ بوتھ میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

قواعد وضوابط کے تحت سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے کہا گیاہے کہ بیلٹ پیپر کسی کو دکھانا یا تصویر بنانا سختی سے منع ہے،ووٹ کی رازداری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائیگا۔

چئیرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف قرارداد اور انکے دوبارہ الیکشن کی صورت میں رائے شماری  بذریعہ خفیہ بیلٹ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے: سنجرانی کا مستعفی نہ ہونیکا فیصلہ،فائلز اور ضروری اشیاء گھر بھجوا دیں


متعلقہ خبریں