بارش متاثرین نے ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس رکوا دی

بارش متاثرین نے ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس رکوا دی

حیدرآباد: سندھ کے شہر حیدرآباد میں بارش متاثرین نے ایم کیو ایم اراکین کا گھیراؤ کر لیا اور انہیں پریس کانفرنس نہیں کرنے دی۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن قومی اسمبلی صابر قائمخانی، صلاح الدین، رکن سندھ اسمبلی راشد خلجی، ندیم صدیقی اور ناصر قریشی لطیف آباد کے مقامی ہال میں پریس کانفرنس کرنے پہنچے تو شہریوں نے ان کا گھیراؤ کر لیا۔

شہریوں نے اراکین اسبلی سے کہا کہ ہم گزشتہ 4 روز سے ڈوبے ہوئے ہیں اور آپ لوگوں کو اب ہمارا خیال آیا ہے، ایم کیو ایم کو گزشتہ 30 سال سے ووٹ دے رہے ہیں لیکن اب علاقے سے پانی نکالنے کے لیے موٹریں کہاں ہیں ؟

بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے بھپری عوام نے اراکین اسمبلی کو پکڑ کر پانی میں اتار دیا اور ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ شہریوں نے ایم کیو ایم اراکین کی پریس کانفرنس بھی رکوا دی جس کی وجہ سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں شدید بارشوں کے باعث 87 افراد جانبحق، 74 زخمی ، این ڈی ایم اے

اس سے قبل حیدرآباد کے شہریوں ںے چار روز بعد دورے پر آئے ڈپٹی کمشنر کا بھی گھراؤ کر لیا تھا اور نہ صرف ان کے خلاف احتجاج کیا بلکہ انہیں دھکے بھی دیے۔ حیدر آباد کے علاقوں پھلیلی، لطیف آباد اور قاسم آباد کے شہریوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج بھی کیے۔

واضح رہے کہ دو روز کی بارش کے بعد کراچی اور حیدر آباد کے کئی علاقے ڈوب گئے اور دو روز جاری رہنے والی بارش نے انتظامیہ کے پول کھول دیے۔


متعلقہ خبریں