وفاقی وزیربرائے اقتصادی امورڈویژن حماداظہر ای سی سی کے رکن مقرر

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیربرائے اقتصادی امورڈویژن حماداظہر اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) کےرکن مقرر ہوگئے ہیں۔ وفاقی کابینہ نے حماداظہرکوای سی سی کارکن مقررکرنےکی منظوری دی۔ 

اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل نوکا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاہے۔ حکومت کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق حماد اظہر کے رکن مقرر ہونے کے بعد ای سی سی ارکان کی تعدادبڑھ کر 15 ہوگئی ہے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق مشیرخزانہ ای سی سی کےچیئرمین ہیں،وزیرمواصلات، وزیرپٹرولیم، وزیربرائے پاورڈویژن ای سی سی ارکان میں شامل ہیں۔

اسی طرح وزیرقانون،وزیرمیری ٹائم افیئرز،وزیرنیشنل فوڈسیکیورٹی ، وزیر برائے منصوبہ بندی،وزیر برائے نجکاری،وزیر برائے ریلوے، اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل  بھی ای سی سی کے ارکان میں شامل ہیں۔

مشیرتجارت اورمشیرادارہ جاتی اصلاحات بھی ای سی سی ارکان میں شامل ہیں۔

آج اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے عام عوام کو  تندوروں پر سستی روٹی کی فراہمی کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری دیدی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کے فیصلے کے مطابق تندوروں پر روٹی کے پرانے نرخ بحال کیے جائینگے ،نان اور روٹی کی 30 جون والی قیمت بحال کرنے کے اقدامات کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ گیس کے نئے نرخوں سے روٹی کی قیمت میں 25پیسے کا اضافہ ہونا تھا مگرتندور مالکان نے روٹی کی قیمت میں زیادہ اضافہ کیا۔ ای سی سی نے ہدایت کی کہ گیس کمپنیاں کمرشل اور نان کمرشل تندوروں کا سروے کریں ،سستی گیس صرف نان کمرشل تندوروں کو ہی دی جائے گی۔

ای سی سی نے نان کمرشل تنور کے لیے گیس ٹیرف 30جون کی سطح پر بحال کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ حکومت تندور کے گیس کنکشن کے لیے 1ارب 51کروڑ روپے کی سبسڈی دے گی۔

صوبائی حکومتوں کو نان اور روٹی کی قیمت 30جون کی سطح پر بحال کرنے کی ہدایات جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے۔ ای سی سی کی طرف سے کہا گیاہے کہ  قیمتیں بحال نہ کیں تو حکومت سبسڈی واپس لے لے گی۔

ای سی سی کو بریفنگ میں بتایا گیاہے کہ گندم کی برآمد پر پابندی لگنے سے قیمت میں 50سے60روپے فی من کمی ہوئی ہے۔ضرورت پڑنے کی صورت میں پاسکو اپنے اسٹاک سے مارکیٹ میں گندم فراہم کرئے گا، 8اگست کونیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کپاس کی درآمد پر بھی 10 فیصد اضافی ڈیوٹی عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ کپاس کی درآمد پر ڈیوٹی بڑھانے کا فیصلہ کسان کو تحفظ دینے کے لئے کیا گیا گندم کی قیمتوں کے حوالے سے رپورٹ  بھی ای سی سی میں پیش کردی گئی ۔

وزیراعظم عمران خان  نے ای سی سی کو نان اور روٹی کی قیمتوں کو پرانی سطح پر لانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے:وزیراعظم روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے پر برہم


متعلقہ خبریں