نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس


اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق  اجلاس میں وزیر برائے ہاؤسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ، وزیر اقتصاد ی امور حماد اظہر، اٹارنی جنرل انور منصور خان، گورنر اسٹیٹ بنک باقر رضا، سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر عمران زیب اور سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ شریک ہوئے۔

سیکرٹری قانون ارشد فاروق فہیم، چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر و دیگر افسران بھی اجلاس  میں شریک ہوئے ۔
وزیرِ اعظم  عمران خان کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ  نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ موجودہ حکومت کا اہم ترین منصوبہ ہے جس سے نہ صرف ملک میں بے گھر افراد کو ذاتی چھت میسر آئے گی اور مکانوں کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے تعمیرات سے وابستہ صنعتوں کو فروغ ملے گا، نوجوانوں اور ہنر مند کو نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے اور معیشت کا پہیہ  بھی چلے گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ کم آمدنی والے افراد اور تنخواہ دار طبقے کو آسان شرائط پر گھر کی سہولت میسر آئے۔

یہ بھی پڑھیے: چیف جسٹس گھروں سے متعلق مقدمات کو جلد لگوائیں، وزیر اعظم


متعلقہ خبریں