تحریک انصاف کا سعید غنی سے استعفیٰ کا مطالبہ


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کر دیا۔

وفاقی وزیر  برائے جہاز رانی و بندرگاہ علی زیدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خادم اعلیٰ کی طرح بوٹ پہن کر پانی میں کھڑے ہونے سے مسائل حل نہیں ہوں گے اس کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارش نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو بے نقاب کر دیا جبکہ شہر میں صرف 55 ملی میٹر بارش ہوئی اور کراچی پانی میں ڈوب گیا۔

علی زیدی نے کہا کہ دو روز سے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی رنگ برنگی جیکٹس پہن کر گھوم رہے ہیں اگر اس طرح گھومنے سے مسائل حل ہوں گے تو پھر وہ گھومتے رہیں۔ گلستان جوہر کے نالے ہم نے صاف کیے اس لیے وہاں پانی کھڑا نہیں ہوا۔

انہوں ںے کہا کہ صوبائی اسمبلی کا حلقہ 104 سعید غنی کا اپنا حلقہ ہے لیکن وہاں پر کچرے کا حال سب کے سامنے ہے۔ سعید غنی وزیر بلدیات ہیں لیکن نالوں کی صفائی نہیں کی گئی، سندھ حکومت نے میئر کراچی کی مدد نہیں کی اس لیے وفاقی حکومت کوخط لکھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گھوٹکی سے کراچی تک سمندر کو کچرے سے تباہ کر دیا گیا ہے اور اگر سمندر کا یہی حال رہا تو کوئی بھی جہاز باہر سے نہیں آئے گا۔ سعید غنی کارکردگی دکھانے میں ناکام ہو گئے ہیں اس لیے وہ بلدیات اسے استعفیٰ دے کر کوئی اور وزارت لے لیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، کراچی کے شہریوں کے ساتھ مل کرکچرے کواٹھائیں گے اور ایک دفعہ کراچی سے کچرا صاف کر کے دکھائیں گے۔ کراچی کی موجودہ صورتحال پر وزیر اعظم سے بھی بات ہوئی ہے۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے کرنٹ لگنے سے ہونے والے انسانی ضیاع کو کے الیکٹرک کی نااہلی اور غفلت قرار دے دیا۔

سندھ کے مشیر اطلاعات، قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں بجلی کی ترسیل کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے سندھ حکومت نہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنما کے الیکٹرک کے خلاف بھی لب کشائی کر لیتے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کے الیکٹرک کو تباہی کے دہانے پر پہچانے میں ایم کیوایم کا بھی کردار ہے۔ وفاق کے اتحادی مگرمچھ کے آنسو بہانے کے بجائے وفاق سے سوال کریں۔

یہ بھی پڑھیے: نکاسی آب میں مشکلات کا سب سے بڑا سبب بجلی کی بندش ہے، سعید غنی


متعلقہ خبریں